انتخابات کی رسم سے ملک کبھی حقیقی تبدیلی سے ہمکنار نہیں ہو گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری

جب تک موجودہ انتخابی نظام کی چھت کو گرایا نہیں جاتا 100 الیکشن بھی ملک کو بحران سے نہیں نکال سکتے
برادری ازم، غنڈہ گردی اور کرپشن کے ستونوں پر کھڑے نظام انتخاب کو زمین بوس کرنے کیلئے عوام سڑکوں پر نکلیں

ملک و قوم کا اصل دشمن استحصالی اور غریب کش نظام ہے عوام اسے سمندر برد کرنے کیلئے سڑکوں پر نکل آئیں۔ 18 دسمبر کو لیاقت باغ راولپنڈی میں ہونے والی بیداری شعور عوامی ریلی میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے اور یہ ریلی سیاست میں نئے رجحان کو جنم دے گی۔ پاکستان عوامی تحریک عوام کو ان کے اصل دشمن کی پہچان کرائے گی جو ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ ان خیالات کا اظہار شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے گذشتہ روز قائدین پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ 18 دسمبر کو لیاقت باغ راولپنڈی میں ہونیوالی بیداری شعور ریلی کے حوالے سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ خصوصی اجلاس سے بیرون ملک سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک برادری ازم، غنڈہ گردی، کرپشن، کروڑوں روپے کی انویسٹمنٹ، بے کرداری اور نااہلیت کے ستونوں پر کھڑے نظام انتخاب کو زمین بوس کرنے کیلئے زندگی کے ہر طبقے کو اپنی جدوجہد میں شریک کر رہی ہے۔ جب تک اس نظام کی چھت کو گرایا نہیں جاتا 100 الیکشن بھی ملک کو بحران سے نہیں نکال سکتے۔ انہوں نے کہا کہ 18 دسمبر کو اہلیان راولپنڈی لیاقت باغ میں ایک تاریخی ریلی کے گواہ بنیں گے اور یہ ریلی ملک میں حقیقی تبدیلی کا آغاز ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کی رسم سے ملک کبھی بھی حقیقی تبدیلی سے ہمکنار نہیں ہو گا۔ حقیقی تبدیلی تبھی ممکن ہے جب نظام انتخاب بدلنے کے لئے قوم اپنے کردار کو پہچان لے گی۔ انتخابی نظام بدلے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top