منہاج تدفین کمیٹی بارسلونا (سپین) کے ممبران اپنی رکنیت کی تجدید کروائیں: مرزا محمد اکرم بیگ

بارسلونا (نوید احمد اندلسی) منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے صدر مرزا محمد اکرم بیگ نے نظامت نشرواشاعت سے گفتگو کرتے منہاج تدفین کمیٹی کے تمام ممبران سے اپیل کی ہے کہ وہ 31 جنوری سے پہلے اپنی رکنیت (ممبر شپ) کی تجدید کروالیں۔ انہوں نے تمام ممبران کو مطلع کیا ہے کہ ممبر شپ کی تجدید سوموار تا جمعہ 3 بجے شام سے رات 8 بجے تک منہاج القرآن بارسلونا کے دفتر سے کروائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 31 جنوری 2012ء تجدید کی آخری تاریخ ہے اس کے بعد آنے والے ممبران کو فیس کے ساتھ جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

مرزا محمد اکرم بیگ نے بارسلونا اور سپین کے دیگر علاقوں میں رہنے والے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی فکر خود کریں اور کسی تدفین کمیٹی یا انشورنس کمپنی کی ممبر شپ لیں تاکہ بعد از وفات میت کو پاکستان بھجوانے کے لئے مشکل پیش نہ آئے۔ یاد رہے کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیرانتظام منہاج تدفین کمیٹی کا قیام 2001ء میں عمل میں لایا گیا جس کے ممبران کی فوتگی کی صورت میں ان کی تجہیز و تکفین اور میت پاکستان بھجوانے کے انتظامات کئے جاتے ہیں اور ان کے ورثاء کو 1000 یورو نقد بھی دیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ بارسلونا سپین سے پاکستان میت بھجوانے پر 4 سے 5 ہزار یورو خرچ ہوتا ہے۔ جو افراد کسی کمیٹی یا انشورنس کمپنی کے ممبر نہیں ہوتے ان کی وفات کی صورت میں ان کی میت کو پاکستان بھجوانے کے لئے مقامی مساجد میں جمعہ کے اجتماعات میں چندہ کی اپیل کی جاتی ہے بصورت دیگر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے وہ لاش ضائع کردی جاتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top