12 روزہ عرفان القرآن کورس برائے معلمین

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر19 تا 30 دسمبر 2011ء معلمین عرفان القرآن کورس کے لیے 12 روزہ تربیتی کیمپ کا آغاز 19 دسمبر سے ہو چکا ہے، جس کا اہتمام نظامت دعوت و تربیت کے شعبہ عرفان القرآن کورسز نے کیا۔ اس تربیتی کیمپ میں ملک بھر سے 78 معلمین و معلمات نے شرکت کی۔ اس کورس میں شرکاء کو ترجمۃ القرآن، تفسیر القرآن، احادیث مبارکہ، تجوید، صرف و نحو، فقہ اور تصوف کے مضامین پڑھائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق پڑھانے کے بہت سے Method بھی متعارف کرائے جائیں گے۔

تربیتی کیمپ میں سکورڈن لیڈر عبدالعزیز، علامہ مرتضی علوی، ڈاکٹر عبیداللہ رانجھا، ڈاکٹر محمد اصغر جاوید الازہری، پروفیسر محمد رفیق سیال، ڈاکٹر علی اکبر قادری، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، علامہ پروفیسر محمد نواز ظفر، شیخ زاہد فیاض، علامہ سعید رضا بغدادی، علامہ محمد کوکب نورانی اور محمد شریف کمالوی شرکاء کیمپ کو تربیتی لیکچرز دیں گے۔

19 دسمبر کو کورس کے پہلے دن مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت سے تحریک منہاج القرآن نے تعلیم و تربیت کو عام کرنے کے لیے بہت سی جہتوں پر کام شروع کیا ہوا ہے۔ ان میں سے ایک عرفان القرآن کورس بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے نوجوانوں کو تنگ نظری، تعصب اور فرقہ واریت کی آگ سے نکال کر وسعت نظری، وسعت قلبی اور اتحاد امت کے اسباق یاد کروائے ہیں۔ موجودہ پُر فتن دورمیں تحریک منہاج القرآن امت مسلمہ کی بیداری شعور کی تحریک کا آغاز کیے ہوئے ہے۔

علامہ محمد شریف کمالوی ناظم عرفان القرآن کورسز نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور شرکاء کورس کو مبارک باد دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جا کر عرفان القرآن کورس کا اجراء کرنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت کا فیضان تقسیم ہوتا ہے۔ یہاں امت مسلمہ کی نشاۃ ثانیہ کے لیے ہمہ جہت اور ہمہ گیر کام سر انجام دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت و عشق کو فروغ دینے اور امت مسلمہ کو پھر عروج دینے کی تحریک ہے۔

رپورٹ : عظمت فرید جوئیہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top