منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں پاکستانی کمیونٹی نے نئے سال کا آغاز درود وسلام سے کیا گیا

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی بارسلونا کے وسطی علاقہ میں منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں 31 دسمبر 2011ء اور یکم جنوری 2012ء کی درمیانی شب شب التجاء کے عنوان سے محفل حسن نعت اور محفل حسن قرات کا انعقاد کیا گیا۔ محفل میں تحریک منہاج القرآن کے قائدین، عہدیداران، منہاج القرآن یوتھ لیگ سپین کے نوجوان، بابائے صحافت جاوید مغل، شاہین ملک، شفقت علی رضا اور ڈاکٹر قمر احسان سمیت بارسلونا، بادالونا، اوسپتالیت اور دیگر قریبی علاقوں سے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

نماز عشاء کے بعد محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت منہاج القرآن یوتھ لیگ سپین کے حافظ محمد عمران نے حاصل کی جبکہ محمد تنزیل الرحمن نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔نقیب محفل نویداحمد اندلسی نے محفل کا شیڈول اور مقابلہ حسن قرات ونعت کا طریقہ کار بتایا۔ حسن قرات ونعت کے لئے جیوری شفقت علی رضا، حافظ محمد عمران، محمد نواز قادری اور حافظ عبدالرزاق نقشندی پر مشتمل تھی۔

سب سے پہلے حسن قرات کا مقابلہ ہوا جس میں 13 حفاظ کرام اور منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے طلبہ نے حصہ لیا دوسرے مرحلہ میں 16 سال سے کم عمر کے افراد کے درمیان حسن نعت کا مقابلہ ہوا جس میں 17 کمسن و نو عمر ثناخوانوں نے حصہ لیا جبکہ آخری حصہ میں 16 سال سے زائد عمر کے افراد میں نعت خوانی کا مقابلہ ہوا ۔ محفل کے دوران 11:55 پرتمام شرکاء نے منہاج نعت کونسل بارسلونا کے نوجوانوں کے ہمراہ کھڑے ہو کر بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں درود وسلام پیش کیا جو کہ 12:10 تک جاری رہا اور اس طرح اہل بارسلونا نے نئے سال کا ایک منفرد اور بابرکت انداز میں استقبال کیا۔

محفل کے دوران امیر منہاج القرآن بارسلونا علامہ عبدالرشید شریفی نے توبہ کی اہمیت و ضرورت اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر قرآن وحدیث کی روشنی میں گفتگو کی انہوں نے دیار غیر میں رہتے ہوئے اپنی اولاد کی تربیت کے حوالہ سے احکام شریعہ پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔مقابلہ جات کے اختتام پر نتائج کا اعلان کیا گیا جس کے تحت حسن قرات میں حافظ ابرار حسین(طالبعلم منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا) نے پہلی پوزیشن، حافظ صہیب شبیر(طالبعلم منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا) نے دوسری پوزیشن، اور حافط محمد بلال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔سولہ سال سے کم عمر نعت خوانوں میں غلام حمزہ( طالبعلم منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا) نے پہلی پوزیشن، محمد فیضان( طالبعلم منہاج اسلامک سنٹر بادالونا) نے دوسری پوزیشن اور فیض رسول نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 16 سال سے زائد عمر کے نعت خوانوں میں غلام محی الدین نے پہلی پوزیشن، محمد شہباز نے دوسری پوزیشن اور حافظ عاطف احتشام ( منہاج نعت کونسل بارسلونا) نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی جانب سے جیتنے والوں میں سے پہلے نمبر پر آنے والوں کو ٹرافی (کپ)، دوسرے نمبر پر آنے والوں کو شیلڈز اور تیسرے نمبر پر آنے والوں کو میڈلز کے علاوہ نقد انعامات بھی دیئے گئے۔ اس کے علاوہ محفل نعت میں خصوصی تعاون کرنے پر محمد اقبال چودھری، چودھری محمد سرور، مرزا احسان الحق بیگ، محمد ظل حسن قادری اور قاری عبدالرحمن کو اسناد امتیاز بھی پیش کی گئیں۔شرکاء محفل نے قاری عبدالرزاق نقشبندی(امام منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا ) کی امامت میں باجماعت نماز تسبیح ادا کی جس کے بعد علامہ عبدالرشید شریفی(امیر منہاج القرآن بارسلونا) نے گناہوں کی معافی، امت مسلمہ و پاکستان کے لئے امن وسلامتی کی خصوصی دعا کروائی۔ منہاج یوتھ لیگ سپین کی طرف سے شرکائے محفل میں لنگر تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top