منہاج القرآن ویمن لیگ آسٹریا کے تحت خواجہ ہاؤس ویانا میں خواتین کی محفل میلاد
ویانا( محمد نعیم رضا) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام مورخہ 07 جنوری 2012ء کو خواجہ ہاؤس میں عظیم الشان محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا جس میں ویانا بھر سے خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کرکے اپنے جذبہ ایمانی کا ثبوت دیا۔
نماز عصر کے بعد شروع ہونے والی محفل کا آغاز ختم قرآن سے کیا گیا سب بہنوں نے مل کر قرآن حکیم کی تلاوت کی۔اس کے بعد نعت خواں بہنوں نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم گلہائے عقیدت پیش کئے۔ پروگرام میں حسن ترتیب کے ساتھ اہل علم بہنوں نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات، اصلاح احوال پر مبنی خطابات کئے۔منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدرمسز خواجہ نے اپنی گفتگو میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے عالمی مقاصدپر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے قرآن وسنت کی حقیقی، امن ومحبت بھری تعلیمات کو رواں صدی میں عام کرنے کے لئے مسلمانوں کو محبت الٰہی، محبت وادب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، تعلیم قرآن، اتحاد امت، خدمت انسانیت اور فروغ علم وحکمت کے خطوط پر منہاج القرآن کا مشن استوار کرکے اسے دنیا بھر میں فروغ دینے کے لئے جس لگن اور انتھک محنت سے جدوجہد کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کا دینی فریضہ ہے کہ اس قافلہ میں شامل ہوکر اسلام کی سچی تعلیمات کودنیا بھر میں عام کرنے کے لئے اپنی استطاعت کے مطابق خدمت کا عزم کریں۔ مسز خواجہ نے ویمن لیگ کی دیگر ساتھی اراکین مسز اعوان، مسز الطاف حسین، مسز غوری، مسز ملک اور دیگرخواتین کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کے اختتام پر عالم اسلام اور پاکستان کے لئے خصوصی دعا کی گئی اور خواتین کو پرتکلف ضیافت دی گئی۔
تبصرہ