اوکاڑہ میں آئیں دین سیکھیں کورس کی تعارفی کلاس
تحریک منہاج القرآن اوکاڑہ کے زیراہتمام 7 جنوری 2012ء بروز ہفتہ کو ایک تربیتی نشت کا اہتمام کیاگیا جس میں مرکزی ناظم دعوت (دروس عرفان القرآن) علامہ ظہیر احمد نقشبندی اور مرکزی ناظم عرفان القرآن کورس علامہ محمد شریف کمالوی نے خصوصی شرکت کی۔ تربیتی پروگرام کا انعقاد محمد حفیظ قادری ڈویثرنل کوآرڈنیٹیر کی رہائش پر منعقد ہوا۔ پروگرام میں محمد خالد صدرتحریک منہاج القرآن اوکاڑہ، محمدارشد محمود ناظم امور خواتین تحریک منہاج القرآن اوکاڑہ، ذوالفقار علی سلیمی معلم عرفان القرآن کورسز اور محمد فرید ناظم تحریک منہاج القرآن اوکاڑہ نے بھی شرکت کی۔ علاوہ ازیں کارکنان تحریک کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
تقریب کاآغاز تلاوت قرآن مجید سے کیاگیا جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد حضور شیخ الاسلام کا ویڈیو خطاب سنایاگیا جو کہ فضلیت علم اور تحریک منہاج القرآن کی تعلیمی میدان میں خدمات پر مشتمل تھا۔ بعد ازاں علامہ ظہیراحمد نقشبندی نے درس عرفان القرآن پر مکمل بریفنگ دی جس کا انعقاد ماہ فروری سے ایک شادی ہال میں کیا جائے گا۔
تقریب کے آخرمیں علامہ محمد شریف کمالوی نےآئیں دین سیکھیں کورس کا تعارف کرواتے ہوئے نماز کا پہلا حصہ تلفظ کے ساتھ پڑھایا اور ترجمہ کرنے کا طریقہ سکھایا جس سے شرکاء بہت محظوط ہوئے اور اوکاڑہ میں مردوں کے لیے آئیں دین سیکھیں کورس کے جلد آغاز کامطالبہ کیا۔
حافظ راشد نے بتایا کہ خواتین اس کورس کو بہت اچھےطریقے سے چلارہی ہیں اور اب تک 11 کورسز آئیں دین سیکھیں اور3 کورسز عرفان القرآن ہوچکے ہیں۔
تقریب کے اختتام پرملک وقوم کی سلامتی کے لیے دعاکی گئی۔
رپورٹ: عظمت فرید جوئیہ
تبصرہ