قائد کالج میں آئیں دین سیکھیں کورس کی تقریب تقسیم اسناد
انڈس فاؤنڈیشن ٹریننگ سنٹر قائد کالج وحدت روڈ لاہور میں سہہ روزہ آئیں دین سیکھیں کورس کی اختتامی تقریب تقسیم اسناد 12 جنوری 2012ء کو قائد کالج میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں خصوصی طور پر پروفیسر سجاد حیدر، پروفیسر ظہور احمد اور محمد شریف کمالوی مرکزی ڈائریکٹر عرفان القرآن کورس تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں قائد کالج کے سٹاف اور طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد عابد نعیم نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد پروفیسر سجاد حیدر نے گفتگو فرمائی اور کلمات تشکر پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کالج کی تین برانچز ہیں ان شاء اللہ ہم تمام برانچز میں یہ بنیادی دینی تعلیمات کا کورس کروائیں گے چونکہ جہاں ہماری ذمہ داری ہے کہ کالجز کا سلیبس مکمل پڑھائیں اسی طرح ہمیں مسلمان ہونے کے ناطے تمام طلبہ وطالبات کو دینی تعلیمات بھی فراہم کرنی چاہیے۔
کورس میں تدریس کے فرائض سرانجام دینے والے اسکالر محمد شریف کمالوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زیر نگرانی تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں دین کی خدمت کر رہی ہے اور رجوع الی القرآن کے لیے یہ شارٹ کورسز پڑھائے جا رہے ہیں۔
بعدازاں شرکاء کورس میں اسناد تقسیم کی گئیں اور اسی کورس کی تیار شدہ DVD بھی تمام شرکاء کوگفٹ کی گئی تاکہ گھر والوں کو بھی نماز اور بنیادی دینی تعلیمات اس DVD کے ذریعے فراہم کی جا سکیں۔
تقریب کے آخر میں ملک وقوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔
تبصرہ