منہاج ویمن لیگ سپین کے زیر اہتمام بارسلونا سپین میں تاریخی میلاد کانفرنس کا انعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے ذیلی شعبہ منہاج ویمن لیگ سپین کے زیر اہتمام مورخہ 29 جنوری 2012ء بروز اتواراسپورٹس ہال Can Ricart بارسلونا سپین میں سالانہ میلاد کانفرنس منعقد کی گئی جس میں بارسلونا اور گرد و نواح سے سینکڑوں دختران اسلام نے شرکت کی۔ پاکستانی خواتین کے علاوہ مراکش اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والی مسلمان بہنوں نے بھی شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔سلسلہ نعت خوانی میں منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کی طالبات اور منہاج ویمن لیگ کی بہنوں نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں دف کے ساتھ عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ اس موقع پر منہاج ویمن لیگ کی طرف سے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے ایک مکالمہ بھی پیش کیا گیا جس میں آمنہ رشیداور جویریہ طفیل نے حصہ لیا۔ تقریب نے نقابت کے فرائض منہاج ویمن لیگ سپین کی صدر صفیہ شبیر اور ناظمہ ظل ہما نے سرانجام دیئے۔

مسرت بشیر (لندن، برطانیہ) نے اپنے خطاب میں خواتین کو میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محافل کے انعقادکے بارے میں شرعی احکامات بتائے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی دین اسلام اور امت مسلمہ کے لئے تجدیدی خدمات پر روشنی ڈالی اور اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے مقاصد اور اس کے بین الاقوامی نیٹ ورک کے تحت جاری مختلف علمی، تدریسی اور فلاحی منصوبہ جات کے بارے میں بھی بتایا۔ امیر منہاج القرآن بارسلونا علامہ عبدالرشید شریفی نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضو ر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان پر قرآن وحدیث کی روشنی میں سیر حاصل گفتگو کی۔ اس موقع پر پراجیکٹر سکرین کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے مختلف ویڈیو کلپس بھی دکھائے گئے۔

محفل کے اختتامی حصہ میں قرعہ اندازی کے ذریعے 2 خواتین کو عمرہ کا ٹکٹ دینے کا بھی اعلان کیا گیا جس میں اسپورٹس ہال تکبیر ورسالت کے نعروں سے گونج اٹھا ۔ بارگاہ مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے درود وسلام کا نذرانہ پیش کیاگیا جس کے بعد علامہ عبدالرشید شریفی نے دنیا بھر کے مسلمانوں، عالم اسلام، تحریک منہاج القرآن اور پاکستان کے لئے خصوصی دعا کرائی، آخر میں لنگر تقسیم کیا گیا۔اس عظیم الشان تاریخی محفل میلاد کی کامیابی پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے صدر مرزا محمد اکرم بیگ نے منہاج ویمن لیگ سپین کی پوری ٹیم کو خصوصی مبارکباد دی اور تقریب میں احسن انتظامات پر منہاج ویمن لیگ سپین کی صدر صفیہ شبیر نے احسن جاوید( صدر منہاج یوتھ لیگ سپین) اور ان کی پوری ٹیم کا خصوصی شکریہ اداکیا۔

رپورٹ: نوید اندلسی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top