منہاج القرآن انٹرنیشنل گارج لے گونس ( فرانس) میں پانچویں سالانہ عظیم الشان محفل میلاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل کو جہاں اللہ رب العزت نے اور بہت سے انعامات سے نوازا ہے وہاں اس کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس کے بانی وسرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے جشن کے مختلف انداز اپنانے کے طریقے متعارف کرائے ہیں اور موجودہ دور میں تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کو بطور جشن منانا، مساجد کو قمقموں سے سجانا، اسلامک سنٹرز میں لائٹنگ کرنا، گھروں میں لائٹنگ کرنا، گھروں، مساجد اور اسلامک سنٹرز میں ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے ضیافت کا اہتمام کرنا شامل ہے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل اور منہاج القرآن یوتھ لیگ گارج لے گونس کے زیر اہتمام مورخہ 09 فروری 2012ء بروز جمعرات رات 9 بجے پانچویں سالانہ عظیم الشان محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ برطانیہ کے مشہور نعت خواں علی محمد قادری، علامہ عبدالرازق، حاجی خلیل( سرپرست ادارہ گارج لے گونس)، مرکزی ایگزیکٹو نے خصوصی شرکت کی۔ پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد میں شرکت کی وجہ سے اسلامک سنٹر کے تینوں ہال بھر گئے تھے اور ٹی وی سکرینیں لگائی گئی تھیں۔ میلاد کانفرنس میں 06 تحریکی احباب کو منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی گئی اور انہیں اسناد دی گئیں۔ پروگرام میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی یوم پیدائش کا کیک بھی کاٹا گیا، پروگرام کے درمیان میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زندگی پر تیار کی گئی ڈاکومنٹری اور میلاد شریف کے لئے تیار کی گئی ڈاکومنٹری پروجیکٹر کے ذریعے دکھائی گئی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاو ت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری نورالامین قادری( امام اسلامک سنٹر) نے حاصل کی۔ نعمان صابر، محمد ارسلان، حسن بشیر، صوفی عارف، محمد اشتیاق، اصغر حسین قادری اور دیگر نعت خوانوں نے تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت کے پھول نعتوں کی صورت میں نچھاورکئے۔اس کے بعد منہاج نعت کونسل گارج لے گونس نے دف کے ساتھ نہایت خوبصورت اندا زمیں نعت پیش کر کے حاضرین کے دل جیت لئے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس اور منہاج اسلامک سنٹر گارج لے گونس کے ڈائریکٹر علامہ عبدالرازق نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ملی و قومی خدمات اور میلاد شریف کی شرعی حیثیت کے حوالہ سے مفصل گفتگو کرتے ہوئے ا س بات کو بیان کیا کہ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس دنیا میں آمد اللہ پاک کا سب سے بڑا احسان ہے اور اللہ رب العزت نے ایک لاکھ چوبیس ہزارپیغمبر مبعوث فرمائے مگر کسی کے لئے لفظ احسان کو استعمال نہیں کیا۔ انہوں نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالہ سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خدمات کا ذکر کیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض قاری کاشف نے ادا کئے۔پروگرام کا اختتام عبدالرازق چودھری نے رقت آمیز دعا سے کرایا۔ ا س کے بعد منہاج القرآن گارج لے گونس کی طرف سے شرکائے میلاد کانفرنس کو انتہائی پرتکلف ضیافت کروائی گئی۔

رپورٹ: محمد علی رضا

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top