منہاج القرآن ویمن لیگ بھلوال کے زیراہتمام میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

منہاج القرآن ویمن لیگ بھلوال کے زیراہتمام مورخہ 09 فروری 2012ء بروز جمعرات ایک عظیم الشان میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں بھلوال کے دورونزدیک سے تقریبا 800 خواتین و طالبات نے شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت محترمہ ماریہ عارف نے حاصل کی، بعد ازاں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت محترمہ شازیہ جاوید، محترمہ شاہدہ اور محترمہ اقصیٰ فاروق نے حاصل کی۔ منہاج نعت کونسل MCW قادری گروپ نے بڑے خوبصورت اور والہانہ انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کئے جبکہ خصوصی خطاب بعنوان "آؤ کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہدِ وفا کریں!"کے لئے مرکز سے محترمہ شاکرہ چوہدری (ناظمہ MSM سسٹرز) نے شرکت کی۔

محترمہ شاکرہ چوہدری نے بڑے خوبصورت انداز میں حضور کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت، اتباع اور وفا پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ جن مشکلات سے گزر رہی ہے اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ ہم نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنا چھوڑ دیا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت وفا کی متقاضی ہے اور آج اگر امتِ مسلمہ اپنا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنا چاہتی ہے تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کو وفا تک لے کر جانا ہوگا اور اصلاح معاشرہ کے لئے عملی خدمات سرانجام دینا ہونگی۔ انہوں نے کہا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام ہے کہ سال رواں کو میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سال کے طور پر منایا جائے اور آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی محبت کے چراغ گلی گلی سجائے جائیں تاکہ ہمارا ٹوٹا ہوا تعلق گنبدخضرٰی سے جڑ سکے۔

محفل کا اختتام محترمہ شاکرہ چوہدری کی دعا پر ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top