تحریک منہاج القرآن لاہور کے تحت متحرک لائبریری کا آغاز

فلوٹ پر شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی تصانیف اور خطابات کی سی ڈیز کو خوبصورتی سے ڈسپلے کیا گیا
افتتاح کے موقع پرممتاز، سیاسی، صحافی، سماجی،مذہبی اور علمی شخصیات نے فلوٹ کا وزٹ کیا

تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 440 طبع شدہ کتابوں خطابات کی سی ڈیز کی نمائش کا آغاز لاہور پریس کلب سے متحرک لائبریری کے ذریعے کیا گیا۔ فلوٹ پر کتابوں کو انتہائی خوبصورت ڈسپلے کیاگیا تھا۔ فلوٹ پر قائم یہ متحرک لائبریری اگلے چند روز شیڈول کے مطابق لاہور کے مختلف مقامات اور اہم شاہراہوں پر چلتی رہے گی۔ متحرک لائبریری کے افتتاح کے موقع پر تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جن موضوعات پرقلم اٹھایا ان میں قرآنیات، حدیث، ایمانیات، اعتقادیات، سیرت و فضائل نبوی، ختم نبوت، عبادات، فقیہات، روحانیات، علمیات، اقتصادیات، جہادیات، فکریات، انقلابیات، سیاسیات، قانونیات، اسلام اور سائنس، عصریات اور دہشت گردی کے خلاف ’’دہشت گردی اور فتنہ خوارج‘‘ کے عنوان پر تاریخی فتویٰ بھی شامل ہے۔

منہاج القرآن پبلی کیشنز کے زیراہتمام انکی 440 سے زائد کتابوں کا دنیا کی مختلف بڑی زبانوں میں ترجمے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ فلوٹ کے افتتاح کے موقع پر مذہبی، سیاسی، صحافی و سماجی شخصیات، مختلف کالجز اور یونیورسٹی کے طلباء و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصانیف اور سی ڈیز دیکھیں۔ جن میں لاہور پریس کلب کے سیکرٹری جنرل اعظم چوہدری، معروف بینکار نعیم ملک، دلاور محمود، عمران بٹ، تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم حفیظ اللہ جاوید، اسلم طاہر، میاں رئیس، عبد الحفیظ چوہدری بھی شامل تھے۔

تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر، ناظم حفیظ اللہ جاوید اور ان کی پوری ٹیم انتہائی مصروف رہی اور فلوٹ کا وزٹ کرنے والے مہمانوں کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتی رہیں۔ فلوٹ کا وزٹ کرنے والی مہمان شخصیات نے اس موقع پر کھل کر اظہار خیال کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، تعلیمی، روحانی اور سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور موجودہ دور میں دہشت گردی کے خلاف تاریخی، فکری و عملی کام کو سراہا۔

ناظم لاہور حفیظ اللہ جاوید نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصانیف دنیا کے پانچ بر اعظموں میں مسلمانوں کی علمی پیاس بھجا رہی ہیں۔ عربی اردو اور انگلش میں لکھی گئی یہ کتابیں صدیوں تک امت مسلمہ کی رہنمائی کا باعث ہو نگی اور مسلمانوں کی آنیوالی نسلیں اس سے ہمیشہ استفادہ کرتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عالم اسلام کا فخر ہیں انہوں نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کتابوں میں محبت اور امن کی مہک واضح محسوس ہوتی ہے جو اسلام کے حقیقی چہرے پر پڑنے والی غلط فہمیوں کی گرد کو صاف کر دیتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top