تنگ نظری اور انتہا پسندی کے الاؤ میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو سمجھا نہیں : شیخ الاسلام

مورخہ: 08 مارچ 2012ء

سرزمین ہند میں ہونے والی میلاد کانفرنس میں شریک لاکھوں مسلمانوں کو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کھینچ لائی
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا بھارتی ریاست گجرات کے شہر ’’کچھ‘‘ میں مسلمانوں کے بڑے اجتماع سے خطاب

بھارتی ریاست گجرات کے شہر ’’کچھ‘‘ میں تحریک منہاج القرآن انڈیا کے زیر اہتمام ہونے والی میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں شریک لاکھوں عشاق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اسلام دین امن و سلامتی ہے۔ تنگ نظری اور انتہا پسندی کے الاؤ میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو سمجھا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرزمین ہند میں ہونے والی میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس میں شریک لاکھوں مسلمانوں کو نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کھینچ لائی ہے اور یہ سب دنیا کو محبت و امن و سلامتی کا پیغام دینے کیلئے اکھٹے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس دل میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت کے چشمے پھوٹتے ہیں وہ کسی جانور کو بھی گزند پہنچانے کا تصور نہیں کر سکتا۔امن کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ آقا کی ذات سے تعلق کو پختہ کیا جائے۔ ذات سے تعلق مضبوط ہو گا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی تحریک ملے گی۔ باطن کو نور اور امن سے مزین کرنے کیلئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب سیکھنا ہو گا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ادب سے عاجزی اور انکساری آئے گی اور معاشرے میں محبت کی خوشبو پھیلے گی اور جس دل میں محبت کا سمندر موجزن ہو جائے اس جسم سے دوسرے کیلئے سلامتی اورمحبت کے رویے ہی پھوٹ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امت کو نعمت اسلام معرفت میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقے نصیب ہوئی اور پورا قرآن حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق اور سیرت پر اعلیٰ کتاب ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ محبت اور ادب ایمان کی متاع ہے آج داخلی اور خارجی قیام امن کیلئے محنت کی ضرورت ہے ۔ من کی دنیا کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے سیراب کرنا ہو گا۔ نفسانی خواہشات کو ختم کر کے باطن کو تقوی، طہارت، توحید الٰہی اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے منور کر لیا جائے تو امت کا ہر فرد اپنے اپنے ملک میں امن و سلامتی بکھیرنے والا بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مخلوق آقا کا میلاد منانے کا حق ادا نہیں کر سکتی کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد خود اللہ نے منایا ہے ۔ اس لئے ہمیں اپنی تمام خوشیوں سے بڑھ کر آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی منانی چاہیے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top