قرآن پاک جلائے جانے کا واقعہ مذہبی رواداری اور گلوبل ویلج کی مشترکہ تہذیب کیلئے ذلت اور رسوائی کا مقام ہے

مورخہ: 09 مارچ 2012ء

اللہ کو منانے کی جد و جہد ہر وقت جاری رہنا چاہیے
بغض، عناد، غیبت اور کینہ ایسی بیماریاں ہیں جو ہمارے خرمن ایمان کو جلا رہی ہیں
صاحبزادہ فیض الرحمان درانی کا جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ اللہ کو منانے کی جد و جہد ہر وقت جاری رہنی چاہیے۔ آج رب کو منانے کی بجائے اسے ناراض کرنے والے اعمال کی کثرت ہے جسکی وجہ سے اللہ کی ناراضگی مختلف شکلوں میں دکھائی دیتی ہے۔ بندہ مومن ایک لمحہ بھی اللہ کی یاد سے غافل نہیں ہوتا اور وہ دنیاوی فرائض کی ادائیگی میں بھی اللہ کو نہیں بھولتا۔ انہوں نے کہا مسلمان سے مومن اور مومن سے محسن بننے کی جدو جہد ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمان درانی جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے ہیں۔

وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص نے باطنی ترقی کے عمل کو جاری رکھا اس کیلئے دنیا و آخرت میں کامیابی ہے۔ آج اللہ کی تقسیم پر ہم ایک دوسرے کے خلاف حسد کرتے ہیں۔ بغض، عناد، غیبت اور کینہ ایسی بیماریاں ہیں جو ہمارے خرمن ایمان کو جلا رہی ہیں۔ نفس، شیطان اور خواہشات کی پیروی نے ہمارا ایمان کمزور کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روح جسم کے پنجرے میں مضمحل اور بیمار ہے اور ہم جسم کو توانا کرنے اور اسے خواہشات کا غلام بنا چکے ہیں۔ اگر ہم حقیقی سکون چاہتے ہیں تو اللہ کو منانے کیلئے راتوں کو اٹھ کر آنسو بہانے ہونگے اللہ کو منانے کا اس کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں کیونکہ رحمٰن کو خوش کرنے کیلئے شیطان کو چھوڑنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بگرام ایئر بیس پر غیر ملکی فوجیوں کے ہاتھوں قرآن پاک کے نسخے جلائے جانا انسانی تاریخ کا بد ترین واقعہ ہے۔ یہ واقعہ اقوام عالم، انسانی تہذیب، مذہبی رواداری اور گلوبل ویلج کی مشترکہ تہذیب کیلئے ذلت اور رسوائی کا مقام ہے۔ اس واقع سے پوری امت مسلمہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ قرآن مجید کے نسخوں کو جلائے جانے کے واقعہ پر پوری انسانیت کو افسوس کرنا چاہیے بالخصوص اہل کتاب کیلئے یہ واقعہ انتہائی شرمندگی اور ندامت کا باعث ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top