منہاج القرآن تحصیل شاہ پور سرگودھا کے زیراہتمام شیخ الاسلام کی سالگرہ کی تقریب

منہاج القرآن تحصیل شاہ پور ضلع سرگودھا کے زیراہتمام شیخ الاسلام کی سالگرہ کی تقریب مورخہ 26 فروری 2012ء بروز اتوار صبح 10:30 بجے تحصیل کونسل ہال شاہ پور صدر میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی نائب ناظم پنجاب محمد قاسم چشتی تھے جبکہ تحصیلی صدر حاجی غلام رسول نے تقریب کی صدارت کی۔ اس پروگرام میں 250 کے قریب کارکنان، ویمن لیگ کی بہنوں اور معززین علاقہ نے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ جب کہ اقلیتوں کی جانب سے تحصیل شاہ پور چرچ کے پادری اور سابق ممبر تحصیل کونسل انور ایم گل اور شمعون منتظر تشریف لائے۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ منتظم نے تمام افراد کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کرتے ہوئے شیخ الاسلام کا تعارف آپ کی خدمات اور تحریک منہاج القرآن کے قیام کے مقاصد بتائے۔ محمد صادق مصطفوی کوآرڈینیٹر امور خواتین نے مختصراً تحریک منہاج القرآن کی انٹرنیشنل خدمات سے سامعین کو آگاہ کیا۔ بعد ازاں پروجیکٹر کی مدد سے "قائد پر بننے والی ڈاکومنٹری 2009ء " دکھائی گئی جس کا دورانیہ تقریباً 35 منٹ تھا۔

پادری انور ایم گل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے عملی طور پر کام کیا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ کوئی تو ہے جو ہمیں گلے لگا رہا ہے۔ انہوں نے شیخ الاسلام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم تحریک منہاج القرآن تحصیل شاہ پور کے عہدیداران کے بھی شکر گزار ہیں جنھوں نے آج ہمیں یہاں بلا کر ہماری عزت افزائی کی۔ ہم تحریک کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔ ہم شیخ الاسلام کی عالمی امن کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

محمد قاسم چشتی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ولی، غوث اور قطب تو ہردور میں پیدا ہوتے رہے ہیں لیکن مجدد 100 سال میں صرف ایک بار ہی پیدا ہوتا ہے اور بلا شبہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اس صدی کے مجدد ہیں۔ انہوں نے مجدد میں پائی جانے والی صفات کا ذکر کرتے ہوئے شیخ الاسلام کی ان صفات کا ذکر کیا۔ انہوں نے شرکاء سے کہا کہ وہ شیخ الاسلام کی ذات کو Study کریں ان کی عالمی خدمات کو دیکھیں اور اگر بات پسند آ جائے تو اس مرد مجاہد کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کارکنوں کو بھی نصیحت کی کہ وہ مزید جوش، جذبے، ہمت اور استقامت کے ساتھ اپنی محنت بڑھا دیں اور شیخ الاسلام کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لیے شب و روز ایک کر دیں۔ اس پروگرام میں شرکت کرنے والی معزز شخصیات کو شیخ الاسلام کی لکھی گئی کتب بطور تحفہ پیش کی گئیں۔

اس پروقار تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جبکہ شرکاء کو چائے اور مٹھائی پیش کی گئی۔ محمد قاسم چشتی نے شیخ الاسلام کی صحت وسلامتی، درازی عمر اور ملک کی امن وآشتی کے لیے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top