تحریک منہاج القرآن سرگودھا کے امیر چودھری اسماعیل سندھو لاہور میں انتقال کر گئے

مورخہ: 19 مارچ 2012ء

تحریک منہاج القرآن سرگودھا کے امیر چوہدری اسماعیل سندھو آج مورخہ 19 مارچ 2012 کو مختصر علالت کے بعد لاہور میں قضائے الہی سے انتقال کر گئے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔ انڈیا سے اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مرحوم نیک، صالح، عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تھے۔ وہ تحریک منہاج القرآن کا اثاثہ تھے اور انہوں نے پوری زندگی منہاج القرآن کیلئے وقف کر رکھی تھی، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ان کی نماز جنازہ مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے پڑھائی۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، لاہور اور سرگودھا کے رہنماؤں اور سینکڑوں کارکنوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، امیر پنجاب احمد نواز انجم، ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین نے سرگودھا میں ان کے آبائی گاؤں میں تدفین اور دعا میں شرکت کی۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک نے چوہدری اسماعیل سندھو کی وفات پر گفتگو کرتے ہوئے مرحوم کو تحریک منہاج القرآن کا بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ دین مبین کیلئے ان کی خدمات کو شرف قبولیت بخشے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام دے اور ان کے لواحقین اور کارکنان منہاج القرآن کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top