منہاج القرآن واہگہ ٹاؤن لاہور کے زیراہتمام سفیر امن سیمینار

مورخہ: 13 مارچ 2012ء

مورخہ 3 مارچ 2012 کو تحریک منہاج القرآن واہگہ ٹاؤن کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 61 ویں سالگرہ کے حوالے سے سفیر امن سیمینار کا انعقاد پیر طریقت حاجی غلام حیدر القادری الضیائی الرضوی کے زیر سرپرستی آغا میرج لان بالمقابل پاکستان منٹ گیٹ جی ٹی روڈ میں کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ایس ایم ظفر چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی نے کی جبکہ مہمان خصوصی ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی تھے۔ دیگر مہمانان گرامی میں ڈائریکٹر نظامت امور خارجہ منہاج القرآن راجہ جمیل اجمل، شاہد لطیف قادری ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی پاکستان، عارف نظامی چیف ایڈیٹر پاکستان ٹوڈے، سید ارشاد عارف سینئر صحافی، ناظم اعلی جامعہ نعیمیہ علامہ راغب نعیمی، فردوس جمال معروف اداکار، ڈاکٹر شبیہ الحسن ہاشمی چیئرمین عالمی مجلس ادب، پی جے میر اینکر پرسن، عبدالقادر سابقہ انٹرنیشنل کرکٹر اور قاضی فیض الاسلام تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے گئے۔ تقریب کی کمپیئرنگ کے فرائض مدثر حسین اعوان نے سرانجام دیئے۔

اس موقع پر منہاج ایجو کیشن سوسائٹی کے چیئرمین ایس ایم ظفر نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ تاریخی کارنامے کی حیثیت رکھتے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیم کیلئے خدمات کو دیکھتے ہوئے میں ان کو آج کے دور کا سر سید کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 630 سکولز، 73 کالجز ایک چارٹرڈ یونیورسٹی اور اس میں تعلیم حاصل کرنے والے لاکھوں طلبہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی تعلیم کے فروغ کیلئے کی گئی کاوشوں کے گواہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن واہگہ ٹاؤن لاہور کے زیر اہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 61 ویں سالگرہ کے حوالے سے سفیر امن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ ان دنوں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری بھارت کے دورے پر ہیں جہاں ہر جگہ ان کے خطابات سننے کیلئے انسانوں کا سیلاب امڈ آتا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بھارت کے مختلف شہروں میں اسلام کے امن کے پیغام کو عام کررہے ہیں اور کروڑوں لوگوں کو یہ بتا رہے ہیں کہ دین اسلام کا پیروکار انتہا پسند اور دہشت گرد نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی شہر حیدر آباد، بنگلور، کچھ، اجمیر اور دیگر شہروں میں شیخ الاسلام کو سننے کیلئے تاریخی اجتماعات ہوئے ہیں ہر جگہ لاکھوں لوگ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو سننے کیلئے پوری رات جم کر بیٹھے رہے۔

 

سینئر صحافی عارف نظامی نے کہا کہ آج دنیا کو امن کی بہت ضرورت ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے لیکچرز اور تحریروں نے اسلام کے بارے میں پائے جانے والے منفی تاثرات کو بدلنا شروع کردیا ہے۔ بلاشبہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دنیا میں علم اور ڈائیلاگ کے کلچر کو فروغ دینے پر بہت زیادہ محنت کی ہے، انہوں نے کہا کہ جہالت کے خلاف تحریک منہاج القرآن کا تعلیمی، فلاحی جہاد بھی قابل ستائش ہے۔

معروف صحافی پی جے میر نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت مسلمہ کا اثاثہ ہیں اور انکی بین المذاہب رواداری کیلئے کاوشیں تاریخی نوعیت کی ہیں۔ دنیا کے تمام مذاہب کے لوگ انہیں عزت، احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اگر علماء انہیں اپنا آئیڈیل بنالیں تو معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ میں دنیا کے مختلف ممالک میں جاتا رہتا ہوں ساری دنیا کے لوگ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، فکری، تجدیدی، فلاحی اور تعلیمی خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ڈاکٹر علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دہشت گردوں کے خلاف امن کی برہنہ تلوار ہیں۔ آستینوں میں بارود چھپانے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کے خلاف فتویٰ دے کر شیخ الاسلام نے فکری و عملی جہاد کیا ہے جس پر پوری دنیا کے مسلمان ان کے شکر گزار ہیں۔

سینئر اداکار فردوس جمال نے کہا کہ شیخ الاسلام سفیر اسلام ہیں، عالم اسلام اور بالخصوص پاکستانی قوم خوش قسمت ہے کہ انہیں شیخ الاسلام جیسی شخصیت میسر ہے۔ اسلام کی حقیقی تعلیمات جو امن و سلامتی اور فلاح پر مبنی ہیں، کے پھیلاؤ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کو تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی فکر نے ہمیں حقیقی زندگی سے روشناس کرایا اور ہماری بے مقصد زندگیوں کو عظیم مقصد اور منزل دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری کی قائم کردہ تحریک منہاج القرآن اسلاف کے عظیم پیغام کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنے کا فریضہ احسن طریقہ سے انجام دے رہی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ارشاد عارف نے کہا کہ آج امت مسلمہ کلی بگاڑ کا شکار ہے اسی لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تحریک کا کردار بھی ہمہ جہت ہے اور پوری دنیا میں اسلام کو در پیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

ڈاکٹر شبیہ الحسن نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہمہ پہلو شخصیت ہیں اور اس دور پر فتن میں روشنی کی کرن ہیں ان کی علمی، تحقیقی اور امن کے لئے خدمات پاکستان اور عالم کے لیے اعزاز ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بیک وقت مفکر، محقق، وکیل، محدث، قلمکار اور سیاستدان اور سب سے بڑھ کر انسانیت کے ترجمان ہیں۔

ڈاکٹر احسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو اللہ نے اہل علم میں انفرادیت دی ہے وہ ملک اور امت کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت میں بھی سب سے منفرد اور یکتا دکھائی دیتے ہیں۔

تقریب سے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے مینیجمنٹ ڈائریکٹر شاہد لطیف نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر درودوسلام کی گونج میں 61 پونڈ وزنی کیک بھی کاٹا گیا اور الحاج غلام حیدر ضیائی قادری نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر اور ملکی استحکام کیلئے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top