پاکستان عوامی تحریک سندھ کے صدر ایس ایم ضمیر کا سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب

مورخہ: 22 مارچ 2012ء

پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس مورخہ 22 مارچ 2012 کو مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا۔ جس میں پاکستان عوامی تحریک سندھ کے صدر ڈاکٹر محمد ایس ایم ضمیر نے خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاوہ مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک فیض الرحمان درانی، سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ، جی ایم ملک، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام، پنجاب کے صدر لہراسب خان گوندل، جنرل سیکرٹری پنجاب ایم ایچ شاہین اور دیگر مرکزی و صوبائی عہدیداران بھی موجود تھے۔

اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا اس کے بعد بحضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک سندھ کے صدر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ساڑھے چھ روپے اضافہ عوام سے جینے کا حق چھیننے کے مترادف ہے جو انتہائی ظالمانہ کام ہے۔

انہوں نے حکومتی رویہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس اضافے کو فوراً واپس لے چونکہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا کی طرف سے ہونیوالا ہوشرباء اضافہ آزاد ملک کے کروڑوں عوام کے منہ پر غلامی کا تھپڑ ہے اور ایسا نام نہاد منتخب حکومت کے دور میں ہو رہا ہے یہ سب اس پارٹی کے اقتدار میں ہو رہا ہے جسکے منشور میں روٹی، کپڑا اور مکان کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضمانت دی گئی تھی مگر عملاً وہ غریب سے حق عزت چھین رہی ہے۔

ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے مزید کہا کہ لوڈشیڈنگ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور دیگر عوام دشمن اقدامات کا ذمہ دار مقتدر طبقہ ہے اور اسے اقتدار کے ایوانوں میں موجودہ استحصالی، ظالمانہ اور غریب کش انتخابی نظام پہنچاتا ہے انتخابی نظام میں ایسی اصلاحات کرنا ہو نگی جس میں عوام کو ووٹ دینے کے ساتھ ساتھ ووٹ لینے کا حق بھی ملے اور 2 فی صد طبقے کی موروثی سیاست کا خاتمہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ عوام موجودہ انتخابی نظام کے تحت ہونیوالے الیکشن میں بیلٹ کا بائیکاٹ کریں تا کہ بُلٹ سے تبدیلی کا راستہ بند ہو سکے۔ موجودہ ظالمانہ انتخابی نظام کو بدلے بغیر کسی خیر کی توقع نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت، سیاست اور عوام دوست انتخابی نظام پر یقین رکھتے ہیں مگر موجودہ انتخابی نظام کو بدلنے کیلئے عوام کو ٹھوس اور سنجیدہ کوششیں کرنا ہو نگی اور نظام کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کی واحد موثر آواز میں اپنی آواز کو شامل کرنا ہو گا۔

اجلاس کے اختتام پر تمام انسانیت، امت مسلمہ کی امن وآشتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درزی عمر اور صحت وسلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top