مذہبی و لسانی بنیادوں پر انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کیلئے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے : ڈاکٹر رحیق عباسی

بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ عوام پر عذاب نازل کرنے کے مترادف ہے
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب

گلگت، چلاس، کراچی اور بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ کی حالیہ خطرناک لہر ملی یکجہتی کے خاتمے کی گھناؤنی سازش ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس پر تشدد رویے کو کچلنے کیلئے مؤثر اور سنجیدہ کاروائی کریں اور مذہبی و لسانی بنیادوں پر انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کیلئے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ عوام پر عذاب نازل کرنے کے مترادف ہے۔ پاکستان بدترین معاشی بحران کی لپیٹ میں ہے جب کہ معصوم عوام توانائی کے اذیت ناک بحران کا ڈائریکٹ نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، بے روزگاری، مہنگائی اور عدم تحفظ کے شدید احساس نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی، مگر اس گرم موسم میں بجلی کی غیر اعلانیہ لو ڈ شیڈنگ، بجلی کے نرخوں میں بار بار اضافے اور اوور بلنگ نے تو پاکستانیوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتا ہوا تشدد معاشرے کے اندر پائی جانیوالی تنگ نظری، انتہا پسندی اور لسانی و صوبائی عصبیت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے CWC کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے صوبوں میں تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دینا ہو گی تاکہ برسوں پرانے نظام کو بدلا جا سکے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ روحانی اور اخلاقی قدروں کے فروغ پر بھی توجہ دینا ہو گی تا کہ معاشرے میں برداشت اور اختلاف رائے کا کلچر فروغ پا سکے۔ انہوں نے کہا کہ روحانی اقدار کے پھیلاؤ کیلئے اہل علم طبقے کو بھی اہم کردار ادا کرنا ہو گا تا کہ نفرت اور انتہا پسندانہ رویوں کو شکست دی جا سکے۔ روحانی قدروں کے پنپنے سے معاشرے میں احترام اور برداشت کے رویے جنم لیتے ہیں جبکہ روحانی تربیت انسان کو دوسروں کے حقوق کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے کیلئے ساز گار ماحول پیدا کرنے کی ہمت اور حوصلہ دیتی ہے، جس سے فرائض کی ادائیگی کا کلچر پیدا ہوتا ہے اور دوسروں کے حقوق کی نفی کا عمل کمزور ہوتا ہے اور معاشرے میں مثبت رویوں کو فروغ ملتا ہے۔

سینٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، الطاف شاہ گیلانی، جی ایم ملک، احمد نواز انجم، رانا فیاض، رانا محمد ادریس، جواد حامد، افتخار شاہ بخاری، ساجد محمود بھٹی، قاضی فیض الاسلام و دیگر بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top