منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ (ہالینڈ) کے زیراہتمام بلڈنگ پراجیکٹ کا اجلاس

منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ(ہالینڈ) کے زیراہتمام مورخہ 07 اپریل 2012ء کو بلڈنگ پراجیکٹ پر پیش رفت اور تازہ ترین صورتحال سے مقامی کمیونٹی کو آگاہ کرنے کے لئے مرکز منہاج القرآن پر اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت گلزار احمد نے حاصل کی، اس کے بعد معید چودھری نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ امانت علی چوہان نے درودوسلام پیش کیا جبکہ تقریب کی نقابت کے فرائض امام وخطیب علامہ اصغر قادری نے خوبصورت انداز میں سرانجام دیئے۔

ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ علامہ احمد رضا نے اجلاس میں ادارہ کی سرگرمیوں سے آگاہ کر تے ہوئے بتایا کہ منہاج القرآن احیائے اسلام کی تحریک ہے اور ہماری تمام سرگرمیوں کا محور اسلام کی کمزور ہوتی ہوئی قدروں کو دوبارہ زندہ کرنا ہے، بالخصوص نوجوانوں کو یہ ذمہ داریاں نبھانے کے لئے تیار کرنا ہے اور یہی ایک امتیازی فرق ہے جس کے لئے منہاج القرآن ہمہ تن کوشاں ہے اور گذشتہ بیس سالوں سے دی ہیگ میں بھی اپنی خدمات ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان سرگرمیوں کے لئے ایک بڑے مرکز کے حصول کو ممکن بنایا جائے۔ صدر ادارہ منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ خالد محمود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلڈنگ پراجیکٹ کی مالی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بہت جلد تمام معاملات فائنل مرحلے میں داخل ہونے والے ہیں جس کے لئے کمیونٹی کے ہر فرد کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا تاکہ احیائے اسلام کی اس عالمگیر تحریک کو کامیاب اور نوجوان نسل کے مستقبل کو بچانے کے لئے بہتر پوزیشن میں خدمات کی ادائیگی کو ممکن بنایا جاسکے۔

عدیل محمود نے پروجیکٹر کی مدد سے بلڈنگ کے نقشے کی تفصیلات اور بلڈنگ کو استعمال کرنے کے حوالہ سے مختلف آپشنز سے ہاؤس کو آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ جگہ کی قلت کی وجہ سے ہم نوجوانوں کے لئے اسلامی تعلیمات بشمول درس حدیث اور فقہ کی کلاسز گذشتہ تین سالوں سے اراسمس یونیورسٹی روٹرڈیم میں کررہے ہیں، جنہیں عنقریب دی ہیگ کے بڑے مرکز میں شفٹ کردیا جائے گا تاکہ مقامی سطح پر زیادہ سے زیادہ نوجوان اس تعلیمی پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔ پاکستان سے تشریف لائے علامہ مظہرحسین قادری نے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پراجیکٹس جن کے ذریعے احیائے اسلام اور عوام کے مسائل کو حل کرنے میں مدد فراہم کی جاتی ہو وہ منصوبہ جات اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات کی بجا آوری کا باعث ہوتے ہیں اس لئے ان کی تکمیل میں اللہ رب العزت کی نصرت اور تائید بھی شامل حال ہو تی ہے لہذا ہرفرد کوبڑھ چڑھ کر ا س میں حصہ لینا چاہیئے۔

اجلاس میں سفیر عالم منہاج القرآن انٹرنیشنل علامہ حافظ نذیر احمد خان نے خصوصی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پوری دنیا میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سنٹرز بلاامتیاز عوام کی بنیادی، مذہبی اور سماجی ضروریات میں اپنی خدمات ادا کر رہے ہیں، اسی طرح دی ہیگ میں بھی یہ سنٹر کمیونٹی کے ہر فردکی خدمات کے لئے حاضر رہے گا کیونکہ منہاج القرآن سوسائٹی میں اخوت، بھائی چارے سے رہنے کی بھی تحریک ہے اور اسی پیغام کو عام کرنے کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پوری دنیا میں سرگرم عمل ہیں اور دنیا بھر میں ان کے پیغام امن کو پذیرائی مل رہی ہے جس کی حالیہ مثال شیخ الاسلام کا دورہ ہندوستان بھی ہے جس میں بسنے والے لاکھوں فرزندان اسلام نے منہاج القرآن کے پیغام امن اور پیغام محبت پر لبیک کہتے ہوئے اس تحریک کا دست و بازو بن کر ساتھ چلنے کا عزم کیا۔

رپورٹ: امانت علی چوہان

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top