منہاج القرآن اسلامک سنٹر کھوائی چنگ (ہانگ کانگ) میں ماہانہ گیارہویں شریف کی محفل و درس قرآن

منہاج القرآن اسلامک سنٹر کھوائی چنگ (ہانگ کانگ) کے زیراہتمام مورخہ07 اپریل 2012ء کو ماہانہ درس قرآن و محفل گیارہویں شریف منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد ذوالفقار نے حاصل کی۔ ارشد محمود، عبدالمجید، محمد یوسف، حافظ سیدتنویر شاہ اور قاری قدرت اللہ سلطانی نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ حافظ محمد نسیم نقشبندی نے سورۃ بقرہ کے ساتویں رکوع کا درس دیتے ہوئے کہا کہ قوم بنی اسرائیل نے جب اللہ رب العزت کی عطا کردہ نعمتوں کو ٹھکرا کر اپنی خواہشات پر عمل کیا اور اعلیٰ کے بدلے ادنیٰ کی طلب کی تو ان پر اللہ کا غضب نازل ہوا اور ذلت ومسکنت طاری کردی گئی۔ اس سے ہمیں درس ملتا ہے کہ ہم اپنی خواہشات کو اللہ اور اس کے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تابع کر دیں۔ اگر کوئی قوم اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات سے روگردانی کرے گی تو وہ ذلیل وخوار ہوگی اور غضب الٰہی کا شکار ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آج ہم ذلت ورسوائی سے نکلنا چاہتے ہیں اور زوال کو عروج میں بدلنا چاہتے ہیں تو اللہ اورا س کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کو اپنی ذات پر اور اپنے معاشرے پر نافذ کر لیں۔ تحریک منہاج القرآن کی جدوجہد اسی مقصد کے حصول کے لئے ہے۔ محفل کے اختتام پر انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے کامیاب دورہ انڈیا کے حوالہ سے حاضرین کو مطلع کیا اور مبارکباد پیش کی۔ اجتماعی صلوۃ وسلام اور علامہ محمد رمضان سیالوی کی دعا سے محفل کا اختتام ہوا۔ محفل کی نقابت کے فرائض حافظ محمد طیب نے ادا کئے۔

رپورٹ: محمد نسیم نقشبندی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top