ملکی استحکام اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لئے فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ پر عمل کرنا ہوگا۔

ملک کو بچانے کے لئے نوجوان نسل کو علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات کی پیروی کرنا ہوگی
تحریک منہاج القرآن کے مرکزی وفد کی جی ایم ملک کی قیادت میں حکیم الامت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی طرف سے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی

شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے یوم وصال کے موقع پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی وفد نے نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک کی قیادت میں حکیم الامت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی اور بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وفد میں سہیل احمد رضا، جواد حامد، ساجد بھٹی، کلیان سنگھ، جسونت سنگھ و دیگر بھی شامل تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جی ایم ملک نے کہا کہ شاعر مشرق عظیم سیاست دان، دانشور ہی نہیں بلکہ قوم کے سب سے بڑے فکری رہنما تھے۔ مسلمانان ہند کے احیاء کی جدوجہد کے مفکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے مسلمانوں کوجہد مسلسل کی تلقین کی اور نوجوان نسل کو سادہ اور فطری زندگی پر قناعت کا درس دیا۔ شاعر مشرق نے اپنے کلام میں مسلمانوں کو ہرحال میں اپنی خودداری اور غیرت کی حفاظت کرنے کی تلقین کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے یوم وصال پر ہمیں اقبال کی فکر پر عمل کرنے کا عہد کرنا ہوگا، اقبال نے نوجوانوں کو شاہین قرار دیا ہے اور عقابی روح بیدار کرنے کا جذبہ پیدا کرنے کی نصیحت کی ہے، عمل پیہم اور سعی مسلسل زندگی اور ترقی کے لئے لازم ہیں۔

آج ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان، علم و ہنر میں دسترس حاصل کر کے دنیا میں اپنا نام پیدا کریںاورملک کو ترقی کے اوج پر پہنچائیں۔ آج شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی اسی فکر کو علمی اور عملی طور پر پروان چڑھا رہے ہیں۔ تاکہ امت مسلمہ دوبارہ عروج حاصل کرسکے۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top