منہاج القرآن اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم گوجر خان کی افتتاحی تقریب

مورخہ: 30 مارچ 2012ء

مورخہ 30 مارچ 2012 کو منہاج القرآن اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم گوجر خان روالپنڈی میں منہاج ماڈل سکول کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سکول کے طلبہ و طالبات، والدین اور علاقہ بھر سے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی راجہ محمد امین (تحریک منہاج القرآن گوجر خان) نے اپنے خیالات میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے آفاقی جملے کو دہراتے ہوئے کہا کہ سرسید احمد خان نے قوم کو ایک علی گڑھ دیا ہم قوم کو ایک سو علی گڑھ دیں گے اور منہاج القرآن اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم سو علی گڑھ میں سے ایک ہوگا۔ راجہ محمد امین نے پروفیسر محمد طاہر علوی (ڈائریکٹر اسلامک سنٹر) کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ واقعتاً چمن طاہرالقادری کا ہر پھول اپنی مہک میں لاجواب ہے۔

سکول کی تقریب میں محمد شفیق القادری (ناظم تحریک منہاج القرآن گوجر خان) نے دنیوی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر کا دور ہے۔ اس وقت وہ فاتح زمانہ ہے جس کے ہاتھ میں علم کی تلوار ہے۔ دین کی کامل آگہی کے لیے سیکولر اور مذہبی دونوں تعلیموں کا جاننا بے حد ضروری ہے۔

پروفیسر محمد طاہرعلوی (ڈائریکٹر و پرنسپل اسلامک سنٹر) نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن اسلامک سنٹر میں گزشتہ کئی سالوں سے حفظ القرآن کے ساتھ سکول کی تعلیم جزوی طور پر جاری تھی لیکن منہاج ماڈل سکول کے باقاعدہ آغاز سے اب سکول کی تعلیم کلی طور پر جاری ہو گئی ہے اور الحمدللہ ابتدا ہی میں پلے گروپ سے لے کر مڈل کلاسز تک 70 طلبہ و طالبات کے داخلے ہوچکے ہیں اور روز بروز اس میں اضافہ ہورہا ہے۔ ماہ اپریل میں تمام کلاسز میں داخلہ جات فری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ماڈل سکول کا منشور محض تعلیم نہیں بلکہ بامقصد تعلیم دینا ہے اور ہمارا مقصد تربیت و تعمیر شخصیت ہے۔

تقریب کے اختتام پر حاجی چوہدری محمد منیر (نگران اسلامک سنٹر) نے تمام مہمانان اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top