تعلیمات صوفیاء کو نظر انداز کر نے کی وجہ سے ہم ہدایت کے راستوں سے بھٹک رہے ہیں : محمد لطیف مدنی

صوفیاء نےحضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق انسانیت کی اصلاح اور فلاح کے چراغ جلائے
حج اخراجات میں اضافہ کے حکومتی اقدام کی پرزور مذمت کرتے ہیں
’’انفرادی و اجتماعی امن و سلامتی تعلیمات صوفیاء کی روشنی میں‘‘ کے عنوان سے ایک پروقار سیمینار سے مقررین کا خطاب

منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن میں’’انفرادی و اجتماعی امن و سلامتی تعلیمات صوفیاء کی روشنی میں‘‘ کے عنوان سے ایک پروقار سیمینار منعقد ہوا جس کی صدارت مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نائب ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن علامہ محمد لطیف مدنی نے کہا کہ تعلیمات صوفیا کو ہم نے نظر انداز کر رکھا ہے اسی لئے ہم ہدایت کے راستوں سے بھٹک رہے ہیں۔ صوفیاء کی تعلیمات ہمیں گمراہی سے بچا سکتی ہیں۔یہ صوفیاء کی تعلیمات ہی تو ہیں جنہوں نے ہر دور میں مسلمانوں کی مدد اور راہنمائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیاء کرام نے صبر، شکر، توکل، اللہ کی رضا اور خدمت خلق کی عظیم مثالیں قائم کیں۔

علامہ لطیف مدنی نے کہا کہ صوفیاء ہی تو امن کے سفیر ہیں اسی لئے تو اولیاء اللہ کی آج بھی لوگوں کے دلوں پر حکمرانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد صوفیاء کی تعلیمات سے دور ہیں بلکہ تعلیمات صوفیاء کے اصل دشمن ہیں۔ صوفیاء نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق انسانیت کی اصلاح اور فلاح کے چراغ جلائے۔ سیمینار سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید فرحت حسین شاہ نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ آج مسلمانوں کے خلاف گھناؤنی سازشیں ہو رہی ہیں ایسے پُر فتن حالات میں تعلیمات صوفیاء کے دئیے جلانے کی اشد ضرورت ہے۔ صوفیاء کی تعلیمات میں دشمنوں کیلئے بھی دعائیں ہیں وہ کسی کو دکھ نہیں دیتے بلکہ سکھ ہی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمات صوفیاء میں عکسِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سوا کچھ نہیں ہے اور صوفیا کرام کی تعلیمات سے انفرادی اور اجتماعی امن و سلامتی کا آفتاب طلوع ہو سکتا ہے۔ صوفیاء کرام نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جہاد کیا ہے۔ تعلیمات صوفیاء ہی دین اسلام کی اصل ہیں۔ انہوں نے حج اخراجات میں اضافہ کے حکومتی اقدام کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے زائرین حرم کو لوٹنے کا ایک اور پیکج تیار کر لیا ہے۔ تعجب کی بات ہے کہ دیگر اسلامی ملک اور انڈیا ہر سال عازمین حج کیلئے کرایوں میں تخفیف اور سہولتوں میں اضافہ کرتی ہے جبکہ ہمارے حکمران لٹیرے بن کر کرپشن کا بازار گرم کر رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top