ماں کائنات کی سب سے قیمتی متاع اور سب سے عظیم سرمایہ ہے۔ نوشابہ ضیاء

مورخہ: 08 مئی 2012ء

ماں وہ عظیم ہستی ہے جو محبت میں حاصل کرنے کی بجائے سپردگی کا جذبہ رکھتی ہے
خالق کائنات نے ماں کو پوری انسانیت کیلئے رحم و کرم اور انس و محبت کا منبع بنایا ہے
ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتما م سیمینار سے خطاب

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ نوشابہ ضیاء نے کہا ہے کہ اسلام نے خونی رشتوں کے احترام بارے جو تعلیمات دی ہیں ان کی اہمیت سے دنیا کا کوئی معاشرہ انکار نہیں کرسکتا۔ والدین کے ساتھ حسن سلوک اور ان کے حقوق کی ادائیگی کے لئے قرآن حکیم اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں واضح احکامات ہیں۔ ماں کے حقوق کی ادائیگی کو اسلام نے خصوصی اہمیت دی ہے اور بندے کے لئے اللہ کی محبت کو سمجھانے کے لئے بھی اس نے ماں کی محبت کی مثال دی ہے کہ وہ ماں سے سترگنا زیادہ پیار کرتا ہے۔ جنت ماں کے قدموں کے نیچے ہے کا مطلب ہے کہ ساری عبادتیں مل کر بھی ماں کی خدمت کے برابر نہیں ہو سکتیں اس لیے مرتے دم تک اس حق کی ادائیگی میں ہمہ وقت مستعد رہنا چاہیے، اس سے ہماری زندگیوں میں پایا جانے والا بگاڑ اور بے سکونی کا خاتمہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ماؤں کے عالمی دن کے موقع منعقدہ پروقار سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نوشابہ ضیاء نے کہا کہ پوری دنیا انسانیت پر قدرت کے لازوال تحفے کی حرمت میں آج مد ر ڈے منا رہی ہے۔ ماں کا وجود روشنی اور خوشبو ہے، روشنی اور خوشبو کو قید کر کے نہیں رکھا جاسکتا۔ اسی لئے ماں کی محبت کے دائرہ کار میں پوری دنیا سمائی ہوئی ہے۔ ماں کی فطرت امن، تحفظ اور محبت کی تمنائی ہے۔ ماں وہ عظیم ہستی ہے جو محبت میں حاصل کرنے کی بجائے سپردگی کا جذبہ رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام نے دنیا میں سب سے زیادہ والدین کی اطاعت کو اہمیت دی ہے اور یہاں تک حکم دیا ہے کہ اگر ماں اور باپ دونوں میں سے کوئی تمہارے سامنے بوڑھا ہو جائے تو اسے اُف تک نہ کہو۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی معاشرے کی معیشت برباد ہوتی ہے تو اس میں انسانی رشتوں کا بھی وہ مقام نہیں رہتا جو حقیقت میں ہونا چاہیے۔ ہمارا یہ ٹوٹتا ہوا سماج بہت سی تبدیلیوں کا شکار ہو رہا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ ماں کا مقدس رشتہ ہمیشہ سب سے زیادہ قابل احترام رہا ہے۔ لفظ ماں ایک ایسے احساس کا اظہار ہے جس سے دل و دماغ کو سکون ملتا ہے۔ ماں کا ذکر لبوں پر آتے ہی خوشی سی چھا جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام میں خالق حقیقی رب العالمین کے بعد خالق مجازی ماں اور اس کی مامتا کو سب سے عظیم گردانا جاتا ہے۔ خالق کائنات نے خلوص و وفا اور ایثار و محبت کی اس پیکر کو پوری انسانیت کیلئے رحم و کرم اور انس و محبت کا منبع بنایا ہے۔

نوشابہ ضیاء نے سیمینار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماں اور مامتا کے حوالے سے انسان اور حیوان میں بھی تفریق نظرنہیں آتی جو جذبہ محبت اور خلوص و وفا انسان کی ماں میں قدرت کی جانب سے ودیعت کیا گیا ہے وہی جذبہ حیوانوں کو بھی عطا کیا گیا ہے۔ ماں کائنات کی سب سے قیمتی متاع اور سب سے عظیم سرمایہ ہے اس کی شفقت، محبت اور خلوص و وفا کسی تعارف کا محتاج نہیں۔

سیمینار سے ساجدہ صادق، سدرہ کرامت، گلشن ارشاد، ارشاد اقبال و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top