منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیر اہتمام محفل یوم صدیق اکبر رضی اللہ عنہ

مورخہ: 19 مئی 2012ء

ہر سال کی طرح امسال بھی ہانگ کانگ میں یوم صدیق اکبر رضی اللہ عنہ شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ اس سلسلہ میں منہاج القرآن اسلامک سنٹرز میں محافل کا انعقاد کیا گیا پہلی محفل 12 مئی جبکہ دوسری محفل 19 مئی 2102ء بروز ہفتہ بعد نماز عشاء منہاج القرآن اسلامک سنٹر کھوائی چنگ اور منہاج القرآن اسلامک سنٹر پوکونگ میں منعقد ہوئیں۔

محافل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ عبدالمجید، مطیع الرحمن، قاری قدرت اللہ سلطانی، محمد بلال اور حافظ تنویر حسین شاہ نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔نقابت کے فرائض حافظ طیب شمیم اور حافظ تنویر حسین شاہ نے ادا کئے۔ ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر حافظ محمد نسیم نقشبندی نے محافل سے خطاب کرتے ہوئے سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے فضائل و کمالات بیان کئے۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتاب القول الوثیق فی مناقب الصدیق اور الانابہ فی مناقب الصحابہ سے احادیث بیان کرتے ہوئے آپ رضی اللہ عنہ کی حیات مبارکہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ افضل البشر بعد الانبیاء ہیں اور آپ نے اپنی ساری زندگی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت، ادب اور خدمت دین میں وقف کر دی۔ آپ ایک نہایت کامیاب تاجر تھے لیکن آپ کی دولت اسلام اور مسلمانوں کی تقویت کے لئے صرف ہوتی۔ غلاموں کو خرید کر آزاد کرتے۔ ہجرت مدینہ میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی معیت میں تین دن غار ثور میں گذار ے جن میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ پر اپنا رنگ چڑھا یا اور اپنے بعد منصب خلافت سنبھالنے کے لئے تیار کیا۔

حافظ محمد نسیم نقشبندی نے مزید کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نیکی کے ہر کام میں سبقت لے جانے کی کوشش کرتے، بیماروں کی تیمار داری کرتے، جنازوں میں شرکت فرماتے، بے سہاروں اور غریبوں کی مدد فرماتے۔ تحریک منہاج القرآن اپنے عظیم قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی معیت میں مشرق سے مغرب تک لوگوں کے دلوں میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمع روشن کر رہی ہے۔ محافل کے اختتام پر شیخ الاسلام کی صحت ودرازی عمر، امت مسلمہ اور وطن عزیز پاکستان کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ: حافظ محمدنسیم نقشبندی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top