گیاری سیکٹر میں دفاع وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والے ہمارے فوجی جوان تا ابد زندہ رہیں گے

مورخہ: 01 جون 2012ء

پاک فوج کے شہداء کیلئے کروڑوں پاکستانیوں کی آنکھیں نمناک ہیں
پاک فوج خراج تحسین کی مستحق ہے کہ ان نامساعد حالات میں ملک کا دفاع کر رہی ہے
علامہ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی کا جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب

برفانی تودہ گرنے کا سانحہ یقیناً افسوسناک تھا اور اب ان فوجی جوانون کو شہید قرار دینا اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ ہے لیکن ایک عزم اور حوصلہ اس حقیقت سے ملتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے شہداء کو زندہ قرار دیا ہے چنانچہ یہ واضح ہے کہ گیاری سیکٹر میں دفاع وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والے ہمارے فوجی جوان تا ابد زندہ رہیں گے اور انکی شہادت اس بات کی گواہی دیتی رہے گی کہ انہوں نے تحفظ وطن کی خاطر ہر طرح کی تکالیف برداشت کیں حتی کہ اپنی جانیں بھی مادر وطن کیلئے قربان کر دیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم تربیت علامہ ڈاکٹرغلام مرتضیٰ علوی نے جامع مسجد منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی نے سیاچن کے شہدا کیلئے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے شہدا کیلئے کروڑوں پاکستانیوں کی آنکھیں نمناک ہیں۔ ساری قوم پاکستان کے محافظوں کی ہمیشہ سے مقروض ہے۔ ہم افواج پاکستان کی سلامتی اور کامیابیوں کیلئے دعا گو ہیں۔ پاکستان کی تینوں مسلح افواج راتوں کو جاگتے ہوئے سرحدوں کی نگہبانی کرتے ہیں اور اس مملکت اسلامی کے کروڑوں عوام اطمینان اور چین سے سوتے ہیں۔

ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ وطن کے ان جانباز شہیدوں کو اپنے جوار رحت میں جگہ دے اور انکے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج خراج تحسین کی مستحق ہے کہ ان نا مساعد حالات میں ملک کا دفاع کر رہی ہے۔ پوری قوم گیاری سیکٹر کے شہدا کی بہادری شجاعت اور قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔

دریں اثناء ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی نے سیاچن میں ہی گذشتہ دنوں ایک اور برفانی تود ے کی زد میں آ کر شہید ہونے والے دو فوجی جوانوں کے درجات کی بلندی کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ گیاری سیکٹر میں شہید ہونے والے اور دیگر شہدا پاکستان جنہوں نے دفاع وطن کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی ان کے خاندانوں کی مکمل کفالت کی جائے اور ان شہیدوں کے خاندان کے افراد کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top