جامع مسجد البلال Yoki جاپان میں معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس

مورخہ: 07 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام مورخہ 07 جون 2012ء کو سائتاماکین جاپان کی جامع مسجد البلال Yoki میں عظیم الشان معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی جس میں منہاج القرآن اباراکی کین جاپان کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے خصوصی خطاب کیا۔

کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری علی حسن نے حاصل کی جبکہ طارق محمود اور محمد سعید (ٹوکیو) نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ پروگرام کی صدارت منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن جاپان کے صدر محمد انعام الحق نے کی۔ جبکہ کانفرنس کو کامیاب بنانے میں علامہ طاہرجمال (خطیب و امام مسجد البلال) اور نعیم خان نے اہم کردار ادا کیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض نعیم خان نے ادا کئے۔

منہاج القرآن اباراکی کین کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اصل میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خالق حقیقی سے ملاقات کی رات ہے اور اس سے بڑھ کر اور کونسی رات ہوگی جس میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اللہ رب العزت سے ملاقات، دیدار، اس کے کلام کا سماع، بلاحجاب گفتگو، خصوصی خلوت اور حضوری کی نعمت حاصل کی ہو۔ امت کو چاہیئے کہ اس عظمت پر خوشیاں بھی منائے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود وسلام کے نذرانے بھی بھیجے کیونکہ معراج کی رات اللہ کے نبیوں، فرشتوں اور خود باری تعالیٰ نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام کی بارشیں کی۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ تک لے جانے میں کئی حکمتیں پوشیدہ ہیں جن میں سے ایک یہ ہے کہ اللہ رب العزت کو معلوم تھا کہ میرے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سفر معراج کا انکار کرنے والوں میں یہودی ونصرانی بھی ہوں گے اور مشرکین مکہ بھی ہوں گے لہذا مسجد اقصیٰ کو درمیان میں رکھ کر بقیہ معراج کی صداقت منواتا ہوں کیونکہ مسجد اقصیٰ سب نے دیکھی ہوئی ہے ان سب کا قبلہ تھی، جبکہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ظاہری حیات میں اس سے پہلے مسجد اقصیٰ نہیں دیکھی تھی، یہودو کفار نے سوالات بھی مسجد اقصیٰ کے بارے میں کئے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ رب العزت نے مسجد اقصیٰ ہی میرے سامنے کر دی اور میں نے ان کے ہر سوال کا جواب دیا، اس طرح سفر معراج کی تصدیق ہوگئی۔ پروگرام کے اختتام پر خصوصی لنگر کا اہتما کیا گیا تھا، منہاج القرآن کی طرف سے عمران بیگ، محمد فیصل ملک، محمد ایاز، محمد انعام الحق اور دیگر احباب نے شرکت کی۔

رپورٹ: محمد اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top