منہاج القرآن اسلامک سنٹر کھوائی چنگ (ہانگ کانگ) میں محفل معراج النبی (ص)

مورخہ: 16 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیر اہتمام مورخہ 16 جون 2012ء کو منہاج اسلامک سنٹر کھوائی چنگ میں سالانہ محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد عمران نے حاصل کی۔ منور عظیم قادری، حافظ تنویر حسین شاہ، اور صابر حسین صابری نے خوبصورت انداز میں بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ حافظ محمد نسیم نقشبندی نے سورۃ الاسراء کی روشنی میں معجزہ معراج پر تفصیلی و مدلل خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفر معراج سفر محبت ہے۔ سفر معراج میں مسجد اقصیٰ میں محفل معراج منعقد ہوئی جس میں مختلف انبیاء کرام کے علاوہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خصوصی خطاب فرمایا جس میں اللہ رب العزت کی حمد و ثناء بیان کی اور اپنی شان انبیاء کے سامنے بیان فرمائی۔

حافظ محمد نسیم نقشبندی نے کہا کہ شان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بیان کرنا درحقیقت عقیدہ توحید کی پختگی کی علامت ہے، یہی وجہ ہے کہ شرق سے غرب تک منہاج القرآن آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت و شان کو اجاگر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سوا لاکھ انبیاء کے سامنے اپنی امت کا ذکر فرمایا اور فرمایا کہ میری امت کو اللہ نے امت وسطی بنایا ہے۔ اس میں پیغام یہ ہے کہ میری امت معتدل ہے انتہاء پسند نہیں ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ مجھے پوری انسانیت کے لئے بشیر و نذیر بنا کر بھیجا گیا، انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام پوری انسانیت کے لئے ہے مگر بدقسمتی سے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی کا دم بھرنے والوں نے اس دین کے آفاقی پیغام کو محدود بنا کر اپنے اپنے فرقے کی حد تک محدود کر دیا ہے اور الا ماشاء اللہ اس امت نے اعتدال کی راہ چھوڑ کر انتہا پسندی کی راہ اپنا لی ہے۔

حافظ محمد نسیم نقشبندی نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں منہاج القرآن اس امت کو راہ اعتدال پر گامزن کرنے اور اس کے آفاقی پیغام کو اقوام عالم تک پہنچانے کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ ویمبلے ہال لندن میں ہونے والی امن کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا نے پہلی بار نظارہ کیا کہ اسلام کتنا پر امن ہے جو تمام مذاہب کے ماننے والوں کو ایک چھت کے نیچے جمع کر سکتا ہے۔ محفل کااختتام دعائے خیر سے ہوا۔

رپورٹ: حفیظ محمد

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top