پنجاب اسمبلی میں جو ہو رہا ہے اس پر پوری قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں : نوشابہ ضیاء

مورخہ: 21 جون 2012ء

چند خاندانوں کو سیاست کا حق دینے والا انتخابی نظام اسمبلی سے اٹھنے والے تعفن کا ذمہ دار ہے
اسمبلی میں جوتے چل رہے ہیں، کپڑے پھٹ رہے ہیں اور دشنام طرازی ہے کہ الامان الحفیظ

منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ نوشابہ ضیاء نے کہا ہے کہ اسمبلیاں قانون سازی کیلئے ہوتی ہیں مگر افسوس جو پنجاب اسمبلی میں ہو رہا ہے اس پر پوری قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ موجودہ انتخابی نظام کی تمام تر خرابیاں کھل کر سامنے آ گئی ہیں۔ عوام کے ’’نمائندوں‘‘ نے اخلاقیات کی جس طرح دھجیاں بکھیری ہیں وہ جمہوریت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔ وہ گذشتہ روز ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں بیٹھنے والے انسانیت کے احترام کے رویوں سے عاری نظر آتے ہیں۔ بازاری زبان استعمال کر کے اسمبلیوں کا تقدس پامال کرنے والے قانون سازی کی الف ب سے نابلد ہیں۔ ایسے مفاد پرستوں اور اخلاق سوز جملے بولنے والوں کا محاسبہ ہونا چاہیے۔ نوشابہ ضیاء نے کہا کہ اسمبلی میں جوتے چل رہے ہیں، کپڑے پھٹ رہے ہیں اور دشنام طرازی ہے کہ الامان الحفیظ۔ چند خاندانوں کو سیاست کا حق دینے والا انتخابی نظام اسمبلی سے اٹھنے والے تعفن کا ذمہ دار ہے۔ عوام اسمبلیوں کے تقدس کو مجروح ہونے سے بچانا چاہتے ہیں تو موجودہ ظالمانہ نظام کو سمندر برد کرنے کیلئے تحریک منہاج القرآن کی بیدارئ شعور مہم میں شامل ہو جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top