عوام لوڈ شیڈنگ، گرمی اور مہنگائی سے بلبلا اٹھے ہیں ظالم حکمرانوں کو احساس ہی نہیں : فیض الرحمان درانی

مورخہ: 21 جون 2012ء

جمہوریت کے نام پر ڈکیتیاں مارنے والے نااہل سیاستدانوں سے عوام کو اپنی جان خود ہی چھڑانا ہو گی
موجودہ کرپٹ الیکشن سسٹم نے قوم کو گروہوں میں بانٹ رکھا ہے

قیامت خیز گرمی میں 20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ نے پاکستان کے طول و عرض کو جہنم بنا دیا ہے۔ لوڈ شیڈنگ اور کمر توڑ مہنگائی نے عوام کو چڑچڑا کر کے رکھ دیا ہے۔ عوام لوڈ شیڈنگ، گرمی اور مہنگائی سے بلبلا اٹھے ہیں۔ ظالم حکمرانوں کو احساس ہی نہیں۔آج پاکستان کے عوام کا بنیادی مسئلہ حکمرانوں کی عیاشیاں، کرپشن اور اداروں کا ٹکراؤ نہیں ہے بلکہ معاشی تنزلی، امن و امان، لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کا وہ جن ہے جس نے موجودہ فرسودہ نظام انتخاب کی وجہ سے عوام کو اپنی لپیٹ میں لے کر انکی زندگیاں عذاب بنا رکھی ہیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمان درانی نے سینٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جبکہ اس موقع پر جی ایم ملک، چودھری شریف، انوار اختر ایڈووکیٹ، ڈاکٹر تنویر اعظم، لہراسب گوندل ایڈووکیٹ، ایم ایچ شاہین اور چودھری افضل گجر بھی موجود تھے۔

فیض الرحمان درانی نے کہا کہ آج ہمیں بحثیت قوم عہد کرنا ہو گا کہ حقیقی تبدیلی اور خوشحالی کیلئے اس موجودہ انتخابی نظام کا مکمل بائیکاٹ کرنا ہے۔ ساری قوم کو متحرک ہونا ہو گا کہ وہ اس موجودہ کرپٹ الیکشن سسٹم کا بائیکاٹ کریں اور قوم کو جن طبقوں نے گروہوں میں بانٹ رکھا ہے ان کا احتساب کریں اور متناسب نمائندگی کے ذریعے اس نظام کو بدل کر ملک میں حقیقی جمہوریت لا کر اپنے مسائل اور پریشانیوں کا مداوا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر ڈکیتیاں مارنے والے نااہل سیاستدانوں سے اپنی جان عوام کو خود ہی چھڑانا ہو گی ورنہ یہ گروہ اس ملک کو بیچنے سے بھی گریز نہیں کرے گا اور عوام بے چارے اس اندھی، لنگڑی اور گونگی جمہوریت کے ثمرات سے یونہی فیض یاب ہوتے رہیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top