منہاج القرآن انٹرنیشنل (فرانس) کے زیراہتمام معراج النبی (ص) انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی

مورخہ: 16 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل فرانس کے زیر اہتمام مورخہ 16 جون 2012ء کو منہاج القرآن مرکز لاکورونیو میں معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انتہائی عقیدت واحترام سے منائی گئی جس میں عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد حافظ رمضان، حاجی محمد حنیف مغل اور منہاج نعت کونسل نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ منظور بھٹی اور سلمان اسلم نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔ محفل کے شرکائے سے گفتگو کرتے ہوئے منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری نے قرآن وحدیث کی روشنی میں عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح اللہ رب العزت نے اپنی کتابوں میں سے قرآن پاک کو عظمت ورفعت عطا کی، اپنے انبیاء میں سے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جو عظمت نصیب کی اسی کا تسلسل تمام راتوں میں سے اپنے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ملاقات کی رات کو فضیلت اور عظمت عطا فرمائی ہے۔

پروگرام کے اختتام پر جملہ شرکاء نے کھڑے ہو کر ادب احترام کے ساتھ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ درود وسلام پیش کیا۔ علامہ حسن میر قادری نے خصوصی دعا کی جس کے بعد جملہ شرکاء کو مصطفوی لنگر پیش کیا گیا۔

رپورٹ: عدنان شفقت

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top