بیداری شعور ورکرز کنونشن (راجن پور) - 2012

مورخہ: 24 جون 2012ء

تحریک منہاج القرآن راجن پور کے زیراہتمام بیداری شعور ورکرز کنونشن کا انعقاد منہاج اسلامک سنٹر میں کیا گیا جس کی صدارت امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم نے کی۔ مہمانان گرامی قدر میں سردار شاکر خان مزاری نائب امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب اور سردار عمر دراز خاں سینئر نائب ناظم پنجاب تھے۔ کنونشن میں ضلع راجن پور کی تمام تحصیلات سے عہدیدران اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی بہنوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ کنونشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت ونعت شریف کے ساتھ ہوا۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم نے راجن پور کے تمام عہدیدران اور کارکنان کو شاندار بیداری شعور ورکرز کنونشن منعقد کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آج وطن عزیز پاکستان ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کے بیشتر ممالک کے حالات دگرگوں ہیں۔ امت پر ایک فکری، نظریاتی، اقتصادی اور سیاسی غلامی کا دور دوبارہ شروع ہوچکا ہے۔ امت دوبارہ فکری، نظریاتی، سیاسی غلامی اور اقتصادی زنجیروں میں جکڑ دی گئی ہے۔ ہمیں یہ حقیقت کبھی نظر انداز نہیں کرنی چاہئیے کہ جن قوموں کو معاشی اور سیاسی طور پر غلامی کی زنجیروں میں جکڑ دیا جائے پھر وہ قومیں ذہنی، فکری، نظریاتی اعتبار سے بھی آزاد نہیں رہتیں بلکہ منطقی نتیجہ کے طور پر وہ ذہنی، فکری اور نظریاتی غلامی کو قبول کر لیتی ہیں۔ پاکستان کے سیاسی لیڈر بیرونی آقاؤں کے غلام ہیں۔ ان کے پاس اپنی کوئی سوجھ بوجھ نہیں ہے اور نہ ہی ملک وقوم کے لئے سوچ کی کوئی Direction ہے۔ اس میں برسر اقتدار طبقہ اور so called opposition دونوں طبقات برابر کے شریک ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کی بیداری شعور مہم قوم کو ذہنی غلامی سے نکالنے کی تحریک ہے۔ مایوس قوم کو امید کی کرن صرف ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں نظر آتی ہے۔

انہوں نے استقبال شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ 4 نومبر کو مینار پاکستان پر تحریک کے کارکن اپنے محبوب قائد کا ایسا تاریخ ساز استقبال کریں گے کہ اس جیسا استقبال آج تک کسی جماعت کے قائد کا نہیں ہوا ہوگا۔

سردار شاکر خاں مزاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے نام نہاد لیڈروں کو دیکھیں تو آج ان تمام لوگوں کا اس بات پر اجماع اور اتفاق ہے کہ اس سسٹم کو بچایا جائے۔ ان لوگوں سے پوچھا جائے کہ اس ملک میں سسٹم کیا ہے جس کو بچانے کے لئے وہ بیان دے رہے ہیں؟ حقیقت میں یہ سارے کرپٹ لوگ اس فرسودہ نظام کو اس لئے تحفظ دیتے ہیں کہ یہ سسٹم ان کی کرپشن اور لوٹ مار کو تحفظ دیتا ہے۔ تحریک کے کارکن اس نظام کی تباہ کاریوں سے ملک کو بچانے کے لئے قوم کا شعور بیدار کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ملک میں حقیقی تبدیلی صرف نظام انتخاب کی تبدیلی سے آئے گی۔

آخر پر طارق عزیز نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ کنونشن کے اختتام پر امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم نے زیر تعمیر اسلامک سنٹر کا وزٹ کیا اور تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام ذمہ داران کو مبارکبادی۔

رپورٹ : عتیق چوہدری

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top