زائرین کی بس پر خود کش حملہ اور خیبر ایجنسی بم دھماکے کی شدید مذمت

مورخہ: 29 جون 2012ء

عوام کا جان و مال اور عزت دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے اور حکومتی رٹ کہیں دکھائی نہیں دیتی
دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ملک و قوم کے خلاف گھنائونی سازش ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کوئٹہ میں زائرین کی بس پر خود کش حملہ اور خیبر ایجنسی میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں سے کھیلنے کا مذموم عمل کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ ایسا کرنے والے انسان کے روپ میں خونخوار بھیڑیے ہیں۔ انہوں نے پورے ملک اور خصوصاً بلوچستان میں دہشت گردی، قتل و غارت گری اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے تسلسل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کے خلاف گھناؤنی سازش قرار دیا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ بدقسمتی سے ایسے واقعات پاکستان کی پہچان بن گئے ہیں اور حکومتیں ابھی تک دہشت گردی کے ناسور کا علاج کرنے میں ناکام ہیں جس کی وجوہات ہر پاکستانی جاننا چاہتا ہے۔ حقیقت یہی ہے کہ دہشت گردی کے تسلسل نے ملکی معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کئے ہیں اور عوام کی جان و مال اور عزت دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے اور حکومتی رٹ کہیں دکھائی نہیں دیتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کو روکنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کریں ورنہ ملکی یکجہتی کو نا قابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top