منہاج القرآن انٹرنیشنل (حیدر آباد، انڈیا) کے زیراہتمام ڈاکٹر حمید اللہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی افتتاحی تقریب

ڈاکٹر حمید اللہ کی شخصیت بحث وتمحیص کا بے مثال پیکر ہے، انہوں نے علم وتحقیق کے میدان میں وہ کارنامے سرانجام دیئے جن کو فراموش نہیں کیا جاسکتااور محققین ڈاکٹر حمید اللہ کے مزید کارناموں کو ابھی منظر عام پر لانے میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مختلف علماء ومشائخ نے منہاج القرآن انٹرنیشنل(حیدر آباد، انڈیا ) کے زیر اہتمام مورخہ 09 جولائی 2012 کو منعقد ہونے والی ڈاکٹر حمید اللہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل(انڈیا ) کے ناظم دعوت مولانا حبیب احمد الحسینی نے انسٹی ٹیوٹ کے قیام کو تنظیم کے قیام کے لئے نہایت خوش بختی سے تعبیر کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ اس انسٹی ٹیوٹ سے اسلاف کے چھوڑے ہوئے علمی ورثا اور جدید دور کے تقاضوں کی تحقیق کاکام انجام دیا جائے گا۔ انہوں نے ڈاکٹر حمید اللہ کی شخصیت اور منہاج القرآ ن کے تعلق کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ فرانس میں ڈاکٹر حمید اللہ جب تک قیام پذیر رہے وہ منہاج القرآن فرانس کے سرپرست رہے، آپ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے انتہائی شفقت اور محبت کرتے تھے۔مولانا لطیف احمد نائب شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ نے ڈاکٹر حمید اللہ کی شخصی و علمی زندگی پر روشنی ڈالی اور فرمایا کہ ان کی زندگی ایک نمونہ ہے اور یہ خوشی کی بات ہے کہ انہی کے وطن میں ان کے نام سے منسوب انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں آیا ہے جس کا سہرامنہاج القرآن کے سر ہے۔

ڈاکٹر محمد مصطفی شریف صدر شعبہ عربی جامعہ عثمانیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر حمید اللہ نے اسلام کی تبلیغ واشاعت کے لئے ایسی خاموش خدمات سرانجام دی ہیں جن کی مثال ملنا دشوار ہے۔ مولانا اولیاء حسینی مرتضیٰ پاشا (نبیرہ شیخ الاسلام ) نے انسٹی ٹیوٹ کے قیام کو وقت کی ضرورت کہا، ڈاکٹر علیم اشرف جائسی نے منہاج القرآن کی جانب سے انسٹی ٹیوٹ کے قیام کو خوش آئند قراردیا۔تقریب کے اختتام پر صدر مجلس مولانا قاضی سید اعظم علی صوفی (صدر کل ہند جمیعۃ المشائخ ) نے کہا کہ منہاج القرآن کو پہلے ہی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی نسبت حاصل ہے، ڈاکٹر حمید اللہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے قیام سے اس کی نسبت میں مزید نکھار پیدا ہو گیا ہے ۔

افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر حمید اللہ کے بھائی ڈاکٹر عطا اللہ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ ان کے علاوہ ممتاز خاتون صحافی سعدیہ دہلوی، ڈاکٹر غوث علی سعید، ڈاکٹر مرتضیٰ لطیفی، مولانا عرفان اللہ شاہ نوری، مولانا شبیر احمد، مولانا مفتی محمد نذیر خان، محمد امان اللہ پٹیل کے علاوہ منہاج القرآن کے ممبران ووابستگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محمد نظام الدین صدیقی (میڈیا انچارج) منہاج القرآن انڈیا نے تمام الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے تعاون اور شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

رپورٹ: منہاج القرآن حیدرآباد

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top