بیداری شعور ورکرز کنونشن (ٹوبہ ٹیک سنگھ)

تحریک منہاج القرآن ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے زیراہتمام 12 جولائی 2012 کو منہاج القرآن اسلامک سنٹر رجانہ میں عظیم الشان ورکرز کنونشن منعقد ہوا۔ جس میں امیر تحریک پنجاب احمد نواز انجم نے خصوصی شرکت کی ان کے علاوہ دیگر مہانان گرامی میں نائب ناظم پنجاب انجینئر محمد رفیق نجم اور ضلعی سیکریٹری اطلاعات فیصل آباد غلام محمد قادری شامل تھے۔ مرکزی قائدین کا سینکڑوں موٹر سائیکل سواروں کے جلوس کے ساتھ شاندار استقبال کیا گیا۔ کنونشن کی صدارت کوآرڈینیٹر ضلع ٹوبہ رانا ندیم اختر نے کی۔

کنونشن کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ صدر تحریک رجانہ محمد اقبال طاہر نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے مہانان گرامی اور تمام شرکاء کو مبارکباد دی۔ نقابت کے فرائض ناظم منظور احمد نے سرانجام دیئے۔ کنونشن میں تمام تحصیلات سے عہدیداران و کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔

امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت مسلمہ کے لئے جو درد رکھتے ہیں وہ ہر سینے کو منتقل کرنا ہو گا تاکہ پاکستانیوں کی خوشحالی اور عزت و وقار انہیں واپس مل سکے۔ معاشی غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کے لئے جذبہ حب الوطنی کو بیدار کرنا ہو گا۔ ہمارا مشن اور منشور عوامی شعور کی بیداری ہے۔ ہم موجودہ، بوسیدہ اور کرپٹ نظام کو نہیں مانتے۔ کرپشن زدہ گلے سڑے نظام نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔ منافقت اور دجل و فریب پر مبنی نظام کو سمندر برد کرنا ہو گا۔

نائب ناظم پنجاب انجینئر محمد رفیق نجم نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے استقبال کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 4 نومبر کو شیخ الاسلام کی پاکستان آمد پر تاریخ ساز استقبال کریں گے۔ انہوں نے شہر اعتکاف پر بھی بریفنگ دیتے ہوئے تحصیلات کو ٹارگٹ دیئے۔ کنونشن میں صدر تحریک گوجرہ چوہدری منور احمد باجوہ، صدر پیرمحل محمد سلیم، صدر کمالیہ محمد منصور گجر، صدر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد حفیظ بھٹہ نے شرکت کی۔ آخر میں کوآرڈینیٹر ٹوبہ ٹیک سنگھ رانا محمد ندیم اختر نے مرکزی قائدین و شرکاء کنونشن کا شکریہ ادا کیا۔ قائدین نے ضلع بھر کے اچھی کارکردگی حامل افراد میں اسناد تقسیم کی۔

کنونشن کے اختتام پر ملک پاکستان میں امن وآشتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت وسلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top