منہاج القرآن انٹرنیشنل (اباراکی کین، جاپان) کے زیر انتظام ماہان درس عرفان القرآن

منہاج القرآن انٹرنیشنل (ابارکی کین، جاپان) کے زیر انتظام مورخہ 12 جولائی 2012ء کو مرکز المصطفیٰ میں عظیم الشان ماہانہ درس عرفان القرآن منعقد ہوا جس میں گردونواح کی مسلم کمیونٹی کے علاوہ تنظیمی وتحریکی احباب نے بھر پور شرکت کی۔محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت تحفیظ القرآن کے استاد حافظ محمد یعقوب مغل نے حاصل کی، نقابت کے فرائض منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن جاپان کے صدر محمد انعام الحق نے ادا کئے جبکہ مہمان نعت خواں محمد یوسف نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل (اباراکی کین، جاپان) علامہ محمد شکیل ثانی نے اسلام اور آج کا مسلمان کے موضوع پر انتہائی فکر انگیز اور مدلل خطاب کیا، انہوں نے قرآن مجید کی آیت مبارکہ کی روشنی میں اسلام میں پورے پورے داخل ہو جاؤ کو موضوع بنایا اور مسلمانوں کی موجودہ صورتحال اور اخلاقی پستی کی وجہ اسلام سے دوری اور رحمت عالم کے اسوہ پر عمل نہ کرنے کوٹھرایا۔انہو ں نے اسلام کے معنی بیان کرتے ہوئے کہا کہ آیت کا مفہوم یہ ہے کہ اسلام اللہ کے مقابلے میں اپنی آزادی ، خودمختاری سے دستبردار ہونے کا نام ہے، اللہ کی اطاعت وفرمانبرداری ، خودسپردگی کا نام اسلام ہے، خدا کی بادشاہی اور فرمانروائی کے آگے سرتسلیم خم کرنے کا نام اسلام ہے، خود امن میں آجانا اور دوسروں کو امن فراہم کرنا اسلام ہے۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان عالیشان المسلم من سلم المسلمون من لسانہ ویدہ ( مسلمان وہ ہوتا ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں) ، ہمارے لئے مقام فکر ہے، ہم غور کریں کہ کیا ہم مسلمان ہیں، ہماری زبان کی آفتوں جھوٹ، غیبت، بہتان، گالی گلوچ، چغل خوری، مذاق، ریاکاری، عیب جوئی، مکروفریب، تعصب، بغض وحسد سے کوئی محفوظ نہیں ہے، جبکہ ہاتھ سے ظلم، رشوت، شراب، جوا، نشہ ڈکیٹی، راہزنی اور دہشت گردی ہمار امعمول بنتا جا رہا ہے۔ہم سب کو سوچنا ہو گا کہ آئندہ نسلوں کو ہم کیا دے رہے ہیں۔ مسلمان وہی ہے جو تمام انسانیت کے لئے پیکر امن وسلامتی ہو اور مومن بھی وہی ہے جو امن وآتشی، تحمل و برداشت، بقاء باہمی اور احترام آدمیت جیسے اوصاف سے متصف ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن آج پوری انسانیت کے لئے محبت وامن کا پیغام عام کر رہی ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری امن کے عالمی سفیراور احترام انسانیت کے عالمی امین ہیں۔ آج ہم سب کو ان کی دی ہوئی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا تاکہ پوری دنیا میں مسلمانوں کے وقار کو بلند کیا جاسکے۔علامہ محمد شکیل ثانی نے آخرپر صالح محمد افغانی(صدرNPO)، نصیر احمد، محمد انعام الحق، محمد ایاز، عمران بیگ، فیصل ملک، شمشاد خان، محمد حنیف مغل، امانت علی گوندل، صداقت علی اور دیگر ساتھیوں کو کامیاب درس قرآن کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top