منہاج القرآن انٹرنیشنل (حیدر آباد، انڈیا) کے زیر اہتمام غرباء میں کمبلوں کی تقسیم

منہاج القرآن انٹرنیشنل (انڈیا)، حیدر آباد برانچ کے زیر اہتمام مورخہ 17 جولائی 2012ء کو وقار نگر بیگم پیٹ اور منہاج القرآن ماڈل سکول مغل پورہ میں غریب اور بے سہارا لوگوں میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت کمبل تقسیم کئے گئے۔

دونوں مقامات پر 45اور50غریب لوگوں میں کمبل تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا کے ناظم دعوت و ارشاد مولانا حبیب احمد الحسینی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت اپنی مخلوق پر بے پناہ رحم و کرم فرمانے والا ہے اور اپنی شان کریمی کے مطابق ہر ایک کو نوازتا ہے۔ اس نے اپنے آپ کو رب العالمین فرمایا، یعنی وہ صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ روئے کائنات کی تمام مخلوقات کا رب ہے اور انہیں عطا فرمانے والا ہے۔ اسی طرح اللہ رب العزت نے اپنے پسندیدہ دین، دین اسلام کو تمام عالم انسانیت کے لئے امن و سلامتی والا اور نفع بخش قرار دیا ہے۔ جب اپنے پیارے حبیب محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مبعوث فرمایا تو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ رب العزت ان کو پسند کرتا ہے جو دوسروں کی مدد کرتے ہیں، الحمد للہ منہاج القرآن انڈیا اپنے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں پوری دنیا میں احترام انسانیت اور فلاح عام کے لئے سرگرم عمل ہے۔ جامع نظامیہ کے استاد مولانا سید شاہ نعمت اللہ قادری نے منہاج القرآن کے اس اقدام کو سراہا اور دعاؤں سے نوازا۔ تقریب کے اختتام پر وقار نگر پیٹ میں مولانا ذاکر نے مہمانوں اور سامعین کا شکریہ ادا کیا جبکہ منہاج القرآن ماڈل سکول مغل پورہ میں مولانا حبیب احمد الحسینی کے بعد سید ناد علی (بروڈہ گجرات)، ڈاکٹر سید حیات اللہ قادری نے منہاج القرآن کا مختصر تعارف پیش کیا اور منہاج القرآن کے شعبہ منہاج ویلفیئر پر روشنی ڈالی۔ ان دونوں تقاریب میں مولانا سلیم جاوید، مولانا شیخ مخدوم علی، مولانا عبدالعزیز، مولانا محمد صدیق، قاری محمد خان قادری،سید معظم شاہ، حافظ محمد عمران، محمد احمد میمن، عبداللہ میمن، سید عاصم الدین، امجد، محمد صابر، محمد عمران کے علاوہ معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور منہاج القرآن کے اس عمل کی تعریف کی۔

رپورٹ: منہاج القرآن انٹرنیشنل، حید رآباد

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top