محفل نعت بسلسلہ استقبال رمضان المبارک (سیالکوٹ)

تحریک منہاج القرآن یونین کونسل اگوکی سیالکوٹ کے زیراہتمام مشتاق ٹینٹ سروس اگوکی کے تعاون سے عظیم الشان محفل نعت بسلسلہ استقبال رمضان المبارک منعقد ہوئی۔ محفل نعت کا انعقاد 17 جولائی 2012ء بروز منگل مغرب تا عشاء بمقام بنک سٹاپ اگوکی مین بازار میں کیا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ محفل میں مہمان خصوصی علامہ نور احمد نور ( ناروے ) تھے، جبکہ دیگر مہمانان گرامی قدر حضرات میں قبلہ والد گرامی علامہ نور احمد نور، حاجی مشتاق، حاجی مختار، قاضی محمود احمد نقشبندی، محمد رفیق میر، سید حبیب شاہ، میاں مسعود ایڈوکیٹ اور ڈاکٹر مقبول شامل تھے۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے قاری محمد بلال نے کیا جس کے بعد نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت محمد عرفان نے حاصل کی۔ محفل میں نقابت کے فرائض حافظ محمد شمیم قادری اور محمد سہیل قادری نے سرانجام دئیے۔ علامہ نور احمد نور جب سٹیج پر جلوہ افروز ہوئے تو سامعین نے کھڑے ہو کر نعروں کی گونج میں پرجوش استقبال کیا۔ علامہ صاحب اور جملہ مہمانان گرامی قدر پر گل پاشی کا منظر دیدنی تھا۔ اس موقع پر محمد یونس سلہریا (نائب ناظم TMQ یوسی اگوکی) نے علامہ نور احمد نور کو اگوکی قدم رنجا فرمانے پر بطور تحفہ سندھی اجرک پہنائی۔ پروگرام کے آغاز پر چوہدری خرم شہزاد (ناظم TMQ یوسی اگوکی) نے استقبالیہ کلمات ادا کئے۔

محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ نور احمد نور نے قرآن و حدیث کی روشنی میں فضائلِ رمضان المبارک پر مدلل گفتگو کی۔ انہوں نے "اللہ دیکھ رہا ہے" کے موضوع پر گفتگو کی جسے سن کر سامعین کی آنکھیں پرنم ہوگئیں۔ اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں منہاج القرآن کے دستر خواں پر ہر رنگ (محبتِ الہی، محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، محبتِ صحابہ اکرام رضی اللہ عنہم، محبتِ اہل بیت رضی اللہ عنہم، محبتِ اولیا رضی اللہ عنہم) ملے گا۔

محفل کو کامیاب بنانے میں قاضی مبشر احمد (ناظم MWF یوسی اگوکی)، محمد شعب یونس، رستم علی، علامہ حافظ محمد حسنین، محمد لقمان، حافظ محمد سہیل، حافظ محمد شمیم قادری و دیگر احباب شامل تھے۔

محفل کے اختتام پر علامہ نور احمد نے خصوصی محفل ذکر اور رقت آمیز دعا کی۔ آخر پر حاضرین کے لئے خصوصی لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: چوہدری خرم شہزاد (ناظم تحریک منہاج القرآن یوسی اگوکی)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top