امن ومحبت دین اسلام کی بنیاد اور روح ہے۔ سید فرحت حسین

مورخہ: 04 اگست 2012ء

اولیاء اللہ نے ہمیشہ امن ومحبت کے پیغام کو فروغ دیا ہے
اللہ والے انسانیت کی فلاح وبہبود اللہ تعالی کی رضا کے لیے کرتے ہیں
منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ کا تقریب سے خطاب

منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ اولیاء اللہ نے ہمیشہ امن ومحبت کے پیغام کو فروغ دیا ہے کیونکہ امن ومحبت دین اسلام کی بنیاد اور روح ہے۔ اللہ والے انسانیت کی فلاح وبہبود اللہ تعالی کی رضا کے لیے کرتے ہیں۔ اولیاء اللہ ہی وہ ہستیاں ہیں جنہوں نے دین اسلام کی تعلیمات کی روشنی سے اپنے کردار منور کئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب’’شان اولیاء اللہ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ میر محمد آصف اکبر، مولانا محمد عثمان سیالوی اور صاحبزادہ محمد حسین آزاد بھی موجود تھے۔

سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ سیاسی اسلام کو کئی مرتبہ زوال آیا مگر روحانی اسلام ہمیشہ تاریخ کے ماتھے پر چمکتا رہا۔ وہ لوگ جو تصوف اور روحانی اسلام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں وہ اسلام کی اصل تعلیمات سے بے بہرہ ہیں کیونکہ تصوف اور روحانیت کا تعلق قرآن وسنت سے ہے۔ جس تصوف اور روحانیت کا تعلق قرآن وسنت سے نہیں وہ الحاد کے سوا کچھ نہیں۔

فرحت حسین شاہ نے کہا کہ اولیاء اللہ کی تعلیمات قرآن وسنت کی پیروی کی روشنی میں سمجھی جاسکتی ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں کثرت سے اولیاء اللہ کا ذکر کیا ہے اور ان کی شان بیان کی۔ اس طرح حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے احادیث مبارکہ میں اولیاء اللہ کی شان اور صفات بیان کی ہیں۔ انہوں نے اسی پیغام کو فروغ دیا جو قرآن وسنت سے پھوٹتا ہے۔ اولیاء اللہ نے اپنی زندگی رضا الہی اور حضورا کرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور مخلوق کی خدمت کے لیے وقف کی ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کا جینا اور مرنا اللہ تعالیٰ کے لیے ہوتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top