معرکہِ بدر جیسا ایمان پیدا کیا جائے تو امت مسلمہ پوری دنیا پر فتح و کامیابی حاصل کر سکتی ہے : مفتی عبد القیوم ہزاروی

مورخہ: 06 اگست 2012ء

شہداء بدر کی قربانیوں سے سبق حاصل کرنا ہوگا تا کہ امت مسلمہ ناکامیوں سے نکل کر فتح حاصل کرے
منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ یوم فرقان کانفرنس سے خطاب

غزوہِ بدر اہل ایمان کی فتح و کامیابی کا پیش خیمہ ثابت ہوا جس نے وقت کے بڑے بڑے فرعونوں کواوندھے منہ گرا دیا۔ 313 مجاہدین کا ہزاروں کے لشکر پر فتح حاصل کرلینا اللہ تعالی کی مدد و نصرت اور ملائکہ کی فوج کی موجودگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ یوم فرقان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا صرف 2 سال کے مختصر عرصہ میں کفر کے بڑے بڑے فرعونوں کے سر کچلنا غیبی مدد کے بغیر ممکن نہ تھا۔ مفتی عبدالقیوم نے کہا آج بھی اگر بدر جیسا ایمان پیدا کیا جائے تو امت مسلمہ پوری دنیا پر فتح و کامیابی حاصل کر سکتی۔

 کانفرنس سے مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں شہداء بدر کی ارواح کو عقیدت کا سلام پیش کرنا چاہیے جنکی بدولت آج ہم اپنے ایمان اور دین پر استقامت سے قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقینا بزرگوں کی قربانیوں سے سبق حاصل کرنا ہوگا تاکہ امت مسلمہ ناکامیوں سے نکل کر فتح حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ غزوہ بدر اہل ایمان کی فتح کا سنگ میل ثابت ہوا اور انسانوں کے ہمراہ فرشتوں نے بھی ملکر کافروں کو شکست سے دوچار کیا۔ کانفرنس سے علامہ رانا محمد ادریس اور علامہ پرفیسر محمد نواز ظفر چشتی، علامہ صاحبزادہ محمد حسین آزاد، عثمان سیالوی اور علامہ محمد آصف اکبر نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر شہداء بدر کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top