شہر اعتکاف جامع المنہاج ٹاؤن شپ لاہور میں آباد ہو گیا، 18 ہزار مردوخواتین معتکف

مورخہ: 09 اگست 2012ء

گذشتہ سالوں کے برعکس امسال انتظامیہ نے شہر اعتکاف کو لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ نہیں دیا
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نماز فجر کے فوراً بعد روزانہ معتکفین کو درس تصوف دیں گے

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام حرمین شریفین کے بعد سب سے بڑا اجتماعی اعتکاف جامع المنہاج ٹاؤن شپ لاہور میں آباد ہو گیا۔ گذشتہ سالوں کے بر عکس امسال انتظامیہ نے شہر اعتکاف کو لوڈ شیڈنگ سے استثنیٰ نہیں دیا۔ 18 ہزار مرد و خواتین الگ الگ جگہوں پر معتکف ہو گئے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نماز فجر کے فوراً بعد روزانہ معتکفین کو درس تصوف دیں گے۔ شہر اعتکاف میں معتکفین کی آمد کا سلسلہ صبح 9:00 بجے شروع ہو گیا تھا جبکہ کراچی، اندرون سندھ اور بلوچستان سے سینکڑوں معتکفین ایک روز قبل ہی پہنچ گئے تھے۔

سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ 2000 نوجوان رضا کار دس دن تک سیکیورٹی کی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ سحر و افطار کے وقت کھانے کی ترسیل کا انتہائی اعلیٰ نظام وضع کیا گیا ہے۔ طہارت اور وضو کیلئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہر اعتکاف کو مختلف بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ حبس اور گرمی سے بچاؤ کیلئے سینکڑوں پنکھے اور دیو ہیکل سائز کے 60 پنکھے بھی اعتکاف گاہ میں لگائے گئے ہیں۔ مرکزی کنٹرول روم بنایا گیا ہے جہاں 60 انتطامی کمیٹیوں کے درمیان کوآرڈینشن کا مربوط نظام موجود ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی 3 ایمبولینسز ہمہ وقت شہر اعتکاف میں موجود ہوں گی جبکہ ڈاکٹرز کی ٹیمیں 3شفٹوں میں معتکفین کو علاج معالجہ کی سہولت بہم پہنچائیں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top