MPIC کویت کے وفد کی اسلامی جمہوریہ ایران کے کویت میں تعینات سفیر سے ملاقات

منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن (کویت) کے وفد نے مورخہ 03 ستمبر 2012ء کو اسلامی جمہوریہ ایران کے کویت میں سفیر روح اللہ قھر مانی چابک سے ملاقات کی وفد میں منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کویت کے صدرمحمد جعفر صمدانی اور جنرل سیکرٹری ایم ایچ قریشی شامل تھے۔

ایم ایچ قریشی نے ایران کے سفیر کو منہاج القرآن انٹرنیشنل کا تفصیلی تعارف کراتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی دینی، علمی، فلاحی اور بین الاقوامی خدمات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے عالمی صورتحال کے تناظر میں شیخ الاسلام کی عالمی کاوشیں برائے امن پر جامع بریفنگ دی خاص طور پر GPU کانفرنس، جارج ٹاؤن یونیورسٹی واشنگٹن، ادارہ امن امریکہ اور لندن میں ویمبلے کانفرنس کے بارے میں بریفنگ دی۔ ایم ایچ قریشی نے سفیر محترم کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف دیئے جانے والے فتوی کا تعارف بھی پیش کیا۔

روح اللہ مھرمانی چابک (ایرانی سفیر) نے منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مجھے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اور منہاج القرآن کے بارے میں بریف کیا۔ میں نے شیخ الاسلام کے بارے میں سنا تھا مگر اتنا تفصیل کے ساتھ معلومات نہیں تھیں مگر آج مجھے معلوم ہوا کہ اگر کفر نے جمع ہو کر مسلمانوں کو منتشر کرنے اور لڑانے کی جو سازش کی ہے اس کے خلاف حسینی کردار ادا کرتے ہوئے ایک آواز شیخ الاسلام کی صورت میں ابھر رہی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب امت مسلمہ اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے کفر کے ہر حربے کو ناکام بنا دے گی۔ انہوں نے فتوی کے حوالے سے کہا کہ میں نے میڈیا میں اس کے بارے میں بہت سے تبصرے سنے ہیں مگر آج تک اس کا مطالعہ نہیں کرسکا۔ ملاقات کے اختتام پر منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کے وفد نے ایران کے سفیر کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف دیئے جانے والے فتوی کی کاپی بطور تحفہ پیش کی۔

رپورٹ: MPIC کویت

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top