حالات کو سدھارنے اور حقیقی تبدیلی کے لئے فرسودہ نظام کو سمندر برد کرنا ہوگا۔ رفیق نجم

فیصل آباد ( ) تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ناظم انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا ہے کہ حقیقی تبدیلی دجالی اور کرپٹ نظام کا حصہ بننے سے نہیں بلکہ اس سے ٹکرانے سے آئے گی۔ موجودہ انتخابی نظام ملک اور عوام کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ تبدیلی لیڈر نہیں عوام لاتے ہیں، لہٰذا عوام کی ذمہ داری ہے کہ موجودہ نظام کو بچانے والے لٹیروں اور نظام دونوں کو ٹھکرا دیں۔ اس موجودہ نظام کی خرابیوں نے عشروں سے ملکی سیاست کو عوام کے لئے ناسور بنا رکھا ہے۔ پاکستان میں کرپشن، مہنگائی، لوڈشیڈنگ، بدامنی، دہشت گردی میں اضافے نے اس حقیقت کو قوم کے سامنے واضح کردیا ہے کہ اب مسئلہ صرف چند چہروں کا نہیں جن کے بدلنے سے حالات بدل جائیں بلکہ حالات کو سدھارنے اور حقیقی تبدیلی کے لئے اس فرسودہ نظام کو سمندر برد کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 71 گلفشاں کالونی سنٹر فیصل آباد میں تبدیلی نظام ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کنونشن سے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی پاکستان آمد پر لاکھوں خواتین و حضرات مینار پاکستان کے وسیع گراؤنڈ میں ان کا استقبال کریں گے اور یہ دن پاکستان میں نئی تاریخ رقم کرے گا، جب ہر گلی اور ہر محلے سے لاکھوں نوجوان اپنے محبوب قائد کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پاکستان کی لٹی، پسی اور غریب عوام کا آخری سہارا ہے جو غریبوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ظالمانہ نظام تبدیل کئے بغیر عوام کو ریلیف نہیں مل سکتا۔ اس موقع پر حافظ رب نواز انجم، ملک سرفراز قادری، ڈاکٹر سلطان محمود، حاجی محمد عباس، محمد عارف صدیقی، حافظ سرفراز احمد، حاجی عبدالمجید، قاری امجد ظفر، جعفر حسین قادری ودیگر عہدیداران و کارکنان بھی موجود تھے۔

رپورٹ: غلام محمد قادری (ضلعی سیکرٹری اطلاعات)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top