عقیل قادر کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر تمغہ امتیاز سے نوازا گیا

مورخہ 17 اگست 2012 کو منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام (بغداد ٹاؤن) لاہور میں بسائے جانے والے شہر اعتکاف میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں پوری دنیا اور پاکستان بھر سے مشن کے فروغ کے لئے شاندارا ور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے احباب کوشیلڈز، اسناد اور تمغوں سے نواز گیا۔ ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے نارویجن زبان میں عرفان القرآن کا ترجمہ مکمل کرنے اور منہاج لائبریری کی بہترین کارکردگی پر عقیل قادر کے لئے تمغہ امتیاز کا اعلان کیا۔ گذشتہ ہفتے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے دورہ ڈنمارک کے موقع پر منعقدہ یورپین امن کانفرنس میں عقیل قادر نے اپنا تمغہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے دست مبارک سے وصول کیا۔

اس پر مسرت موقع پر عقیل قادر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سرپرستی میں اللہ اور اس کے پیارے حبیب محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کے لئے محنت کرنا ایک اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرفان القرآن پراجیکٹ میں نارویجن مسلم آرٹ اینڈ کلچرل سوسائٹی کے تمام ممبران کی انتھک محنتیں اور کوششیں شامل رہیں، جن کی وجہ سے یہ پراجیکٹ مکمل ہواہے اور منہاج لائبریری (ناروے ) کی پوری ٹیم بھی مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے مشن کے پیغام کو ہر جگہ پہنچانے کے لئے دن رات محنت کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی کام اکیلا شخص نہیں کرسکتا بلکہ یہ ایک ٹیم ورک ہوتا ہے جس کی بدولت اللہ پاک اس میں برکتوں کا نزول فرماتا ہے۔

یورپین پیس کانفرنس (ڈنمارک) میں موجود منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری، صدر چودھری اعجاز احمد وڑائچ، صدر MCB راؤ خلیل احمد، سیکرٹری جنرل MCB نوید احمد اندلسی، ڈائریکٹر MWF یورپ علامہ حافظ اقبال اعظم ، منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے صدر سید محمود شاہ، جنرل سیکرٹری محمد بلال اپل، منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے جنرل سیکرٹری محمد نعیم رضا، منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چودھری اور دیگر عہدیداران نے تمغہ ملنے پر عقیل قادر کو مبارکباد پیش کی۔

رپورٹ: نوید اندلسی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top