ریاست پاکستان کو خطرات لاحق ہیں، جن سے نجات دلانے ڈاکٹر طاہرالقادری 23 دسمبر کو وطن آ رہے ہیں : نوشابہ ضیاء

غیور عوام مینار پاکستان میں وطن عزیز کی تکمیل کا عزم کریں گے
لاکھوں مائیں، بہنیں اور بیٹیاں بھی مینار پاکستان پہنچیں گی

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ نوشابہ ضیاء نے کہا ہے کہ 90ء کے الیکشن کی بدترین دھاندلی کی بو اب تک محسوس کی جا رہی ہے۔ اس کے بعد ہونے والے انتخابات کی دھاندلیاں بھی جلد طشت از بام ہوجائیں گی۔ کیا ہم آئندہ نسلوں کو کرپشن کے ناسور کے سوا کچھ نہ دے سکیں گے؟ جس مقصد کیلئے یہ ملک حاصل کیا گیا تھا، وہ مفادات کا عفریت مسلسل نگلے جا رہا ہے اور نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ ریاست پاکستان کو خطرات لاحق ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری 23 دسمبر کو ریاست بچانے کیلئے وطن واپس آ رہے ہیں۔ مینار پاکستان ان کے عظیم استقبال کا گواہ بنے گا اور ملک کے غیور عوام ایک نیا پاکستان تشکیل دینے کا عزم کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان کے سبزہ زار میں لاکھوں بھائیوں کے ساتھ وطن عزیز کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں بھی لاکھوں کی تعداد میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا استقبال کرنے کیلئے گھروں سے نکلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت موجودہ استحصالی انتخابی نظام کے تحت انتخابات کرانے یا سیاست کرنے کا نہیں، بلکہ ریاست بچانے کا ہے۔ داخلی اور خارجی طور پر پاکستان خطرات میں گھرا ہے۔

نوشابہ ضیاء نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کو انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری نبھانی ہے اور تحریک منہاج القرآن کی نظام بدلو بیداری شعور مہم میں شامل ہو کر ریاست پاکستان کو بچانے اور اس کی تکمیل کی جدوجہد کو کامیاب بنا کر آئندہ نسلوں کو مستحکم اور خوشحال پاکستان کا تحفہ دینا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top