ڈسکہ : سیاست نہیں ریاست بچاؤ! ورکرز کنونشن

تحریک منہاج القرآن تحصیل ڈسکہ کے زیراہتمام 02 نومبر 2012ء کو عظیم الشان سیاست نہیں ریاست بچائیں ورکر کنونشن منعقد ہوا، جس کے مہمان خصوصی سینئر نائب ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض تھے۔ جبکہ دیگر مہمانوں میں سابقہ صدر منہاج القرآن ناروے عبدالرحمن بھٹی، چوہدری عباس علی گھمن، اللہ رکھا قادری، صفدر علی بٹ، عبدالستار انجم، حافظ جاوید سعید گورائیہ، تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران و کارکنان شامل تھے۔ ورکرز کنونشن میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی پاکستان آمد اور پاکستان میں رائج ظالمانہ نظام سے نجات کے حوالے سے تیاری کا جائزہ بھی پیش کیا گیا۔

شیخ زاہد فیاض نے کارکنوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ کرپٹ انتخابی نظام کے حوالے سے ریفرنڈم کرایا جائے، عوام موجودہ کرپٹ اور ظالمانہ انتخابی نظام کی خرابیوں کے خلاف بغاوت کر دیں اور جب تک الیکشن کمیشن انتخابی نظام میں اصلاحات نہ کرے، تب تک عوام چین سے نہ بیٹھیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی دشمن کچھ شخصیات یا جماعتیں نہیں بلکہ ظالمانہ استحصالی انتخابی نظام ہے جس نے عوامی خوشحالی اور ملک ترقی کو غصب کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر قوم کو بے وقوف بنانے والے سن لیں اب ا ن کی سیاسی چالیں ناکام ہوں گی کیونکہ تحریک منہاج القرآن نظام کی تبدیلی کے لئے میدان ِعمل میں اتر چکی ہے۔ 23 دسمبر کو مینار پاکستان میں ہونے والے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تاریخی عوامی استقبال میں لاکھوں مرد و خواتین شرکت کریں گے اور یہ استقبال ملک میں نئے مثبت رجحان کو جنم دے گا۔

اس موقع پر صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل ڈسکہ محمد اسلم قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 23 دسمبر کا دن ثابت کر دے گا کہ دنیا میں حقیقی لیڈر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہی ہیں۔ ہم ان شاء اللہ تحصیل ڈسکہ سے 300 سو بسیں لے کر مینار پاکستان جائیں گے اور ہم شیخ الا سلام کی پاکستان آمد سے پہلے ہی تحصیل ڈسکہ کا ایسا ماحول بنائیں گے کہ جس طرف بھی کوئی نظر اُٹھائے گا اسے صرف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہی نظر آئیں گے۔

مرکزی راہنما منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ عائشہ شبیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انقلاب کے لیے حضرت سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے کردار سے راہنمائی لے کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ آپ مردوں کے شانہ بشانہ محنت کریں اور ثابت کر دیں کہ شیخ الاسلام کی بیٹیاں دین کے لیے قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔

رپورٹ : ہمایوں قادری

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top