لاہور : عرفان القرآن کورس کی تقریب تقسیم اسناد

یکم اکتوبر 2012ء کو نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام منہاج یونیورسٹی (ہمدرد چوک) لاہور میں عرفان القرآن کورس کی تقریب تقسیم اسناد کاانعقاد کیا گیا، جس میں علامہ محمد شریف کمالوی مرکزی ناظم عرفان القرآن کورس، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر علی محمد چوہدری، رجسٹرار منہاج یونیورسٹی کرنل (ر) محمد احمد، پروفیسر محمد آصف محمود اور معلم کورس محمد عرفان شہزاد کے علاوہ شرکاء کورس نے شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ بعدازاں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ درود و سلام احسن انداز میں پیش کیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر علی محمد چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہر سمسٹر میں ایک کورس ہونا چاہیے۔ علامہ محمد شریف کمالوی نے مدلل خطاب کیا اور شرکاء کورس کو تحریک منہاج القرآن اور قائد تحریک شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی فکر سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا مقصد امت مسلمہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے اورعشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیدا کرنا ہے۔ کرنل محمد احمد نے شرکاء کورس کو مبارک باد پیش کی۔ بعدازاں شرکاء کورس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازئ عمر اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے اللہ کے حضور دعا کی گئی۔

 

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top