نارووال : بدو ملہی میں 6 اجتماعی شادیوں کی تقریب

یکم نومبر 2012ء بروز اتوار کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن بدو ملہی (نارووال) کے زیراہتمام 6 اجتماعی شادیوں کی تقریب کا انعقاد چلڈرن پارک میں ہوا، جس کی صدارت منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹرافتخار شاہ بخاری نے کی۔ جبکہ مہمان خصوصی پیر طریقت پیر سید سعادت علی شاہ سجادہ نشین آستانہ عالیہ چورہ شریف تھے۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن پنجاب کے سینئر نائب امیر سردار بشیر خان لودھی، صاحبزادہ سلطان اختر، اختر علی قادری، سید بشارت علی بخاری، حاجی ارشاد علی، ڈاکٹر محمد ارشد نقشبندی، خان عبدالقیوم خان، سید مجاہد فرحان الحسن بخاری، ارشد علی بُٹر، حاجی محمد سجاد سندھو، ملک خالد محمود، سجاد حسین گورائیہ، سیٹھ ناصر محمود بھٹی، میاں منیر احمد مغل، محمد طاہر، چوہدری شہباز احمد گورائیہ، شیخ محمد ندیم کے علاوہ الکریم رائس مل کے الحاج ظفر اقبال مغل اور معروف سیاسی و سماجی، مذہبی، رہنما بھی موجود تھے۔

الحاج ظفر اقبال مغل نے تین اجتماعی شادیوں کو سپانسر کیا، جبکہ تین شادیوں کا اہتمام منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے کیا۔ باراتوں کی آمد 11 بجے ہونا شروع ہوگئی اور وقفہ وقفہ سے باراتیں آتی گئی اور اُن کا پُرتباک استقبال بینڈ گروپ کے ساتھ کیا گیا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور تحریک منہاج القرآن کے رہنما باراتوں کا استقبال کرتے اور اُنہیں پنڈال تک لے کر جاتے۔ 6 باراتوں کے ساتھ تقریباً 600 باراتیوں کی آمد ہوئی۔ خواتین اور مردوں کے لیے الگ الگ پنڈال بنائے گئے تھے۔ اُس کے بعد جوڑوں کے نکاح مسنونہ پڑھائے گئے اور اجتماعی طور پر خطبہ نکاح پڑھا گیا، اُس کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ ناظم ویلفیئر بدو ملہی محمد طاہر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی کارکردگی سے تقریب کے شرکاء کو آگاہ کیا۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری نے کہا کہ شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 2002ء میں پوری قوم کو اسلامک ویلفیئر سٹیٹ بنانے کے لیے جو منشور دیا تھا، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اُس منشور کا عملی مظاہر ہے۔ ’’تعلیم سب کے لیے‘‘ کے سلوگن پر عمل کرتے ہوئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے 630 اسکول قائم کیئے، ’’صحت ہرفرد کا بنیادی حق ہے‘‘ پر عمل کرتے ہوئے 110 فری ڈسپنسریز، 3 ہسپتال اور 32 شہروں میں فری ایمبولینس سروس قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و ستم کے اس نظام میں والدین اپنی بچیوں کا فریضہ بھی سرانجام نہیں دے سکتے۔ معاشرے کے اس طبقے کی مدد کے لیےشیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اجتماعی شادیوں کا سلسلہ شروع کیا تاکہ معاشرے کی غریب اور مستحق بچیوں کو باوقار طریقہ سے رخصت کر کے اُن کے گھروں کو آباد کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت 747 شادیاں ہو چکی ہیں۔ ایک شادی پر تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے کے اخراجات آتے ہیں جو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن معاشرے کے اہل ثروت احباب کے تعاون سے یہ فریضہ سر انجام دے رہی ہیں۔

سردار بشیر خان لودھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 23 دسمبر کو پاکستان بچانے کی کال دی ہے۔ ہم میں سے ہر شخص کا یہ فرض ہے کہ وہ ملک بچانے کے لیے 23 دسمبر کو مینار پاکستان آئے اور ملک میں جاری ظالمانہ اور استحصالی نظام کے خلاف علم بغاوت بلند کرے۔

اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی پیر سید سعادت علی شاہ سجادہ نشین چورہ شریف نے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، سیاسی و سماجی خدمات کو عالمی سطح پر سر انجام دینے کے عمل کو سراتے ہوئے اُنہیں خراج تحسین پیش کیا اور 23 دسمبر کو اپنے تمام مریدین سمیت ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے ریاست بچانے کے اعلان کا خیر مقدم کر تے ہوئے مینار پاکستان پر آنے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ اُس دن کوئی شخص اپنے گھر میں نہ بیٹھے اور پاکستان کو بچانے کے لیے ڈاکٹر محمدطاہر القادری کی کال پر لبیک کہیں۔

تقریب کے اختتام پر 600 باراتیوں اور دیگر مہمانوں کو پر تکلف کھا نا پیش کیا گیا اور تمام دلہنوں کو قرآن پاک کے سائے تلے دُعاؤں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔ اس سے قبل دلہنوں کو جیولری سیٹ اور دلہا حضرات کو گھڑی کے تحفے مہمانان گرامی نے دیئے اور دلہنوں کو دیئے جانے والے برائیڈل گفٹس کی تفصیل حسب ذیل ہے :

٭عرفان القرآن ٭منہاج السوی ٭جائے نماز ٭ڈبل بیڈ ٭پیڈسٹل فین ٭گیس چولہا ٭سوٹ کیس ٭جستی پیٹی بمع فریم ٭ڈبل بیڈ گدا ٭ڈبل بیڈ رضائی ٭تکیے ٭بیڈ شیٹ ٭ڈنر سیٹ ٭کٹلری سیٹ ٭Teaسیٹ ٭ایک میز اور 4کرسیاں ٭سلائی مشین ٭استری ٭دولہاکے سوٹ ٭دلہن کے سوٹ ٭توا، بیلنا اور دیگچیاں

آخر میں انتظامیہ نے یہ اعلان کیا کہ آئندہ سال 11 اجتماعی شادیاں کرائی جائے گی۔ مخیر حضرات اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top