عارف والہ: تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام پریس کانفرنس

 

تحریک منہاج القرآن پاکپتن کے ضلعی نگران محمد لطیف مدنی اورمیڈیا کوآرڈنیٹر تحریک منہاج القرآن پنجاب عتیق چوہدری نے عارف والہ میں تحصیلی ایگزیکٹیو کی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت نہیں مجبوریت کا نظام نافذ ہے ہم اس ظالمانہ عوام دشمن نظام کو مسترد کرتے ہیں۔ اس نظام کو تبدیل کیے بغیر 100 الیکشن بھی ملک میں تبدیلی نہیں لاسکتے۔ پاکستان کے مسائل حل کرنے کے لئے عوام کو حقیقی تبدیلی کے لئے اٹھنا ہوگا۔ 23 دسمبرکو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی پاکستان آمد کے موقع پر تاریخ ساز عوامی استقبال کریں گے۔ جس میں 50 لاکھ سے زائد لوگ شریک ہونگے۔ یہ جلسہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ ڈاکٹر طاہر القادری سیاست کرنے کے لئے پاکستان نہیں آرہے بلکہ پاکستان کو بچانے کے لئے آرہے ہیں۔ ہم نظام کی تبدیلی کا ایجنڈہ لے کر میدان میں اتر رہے ہیں اور پر امن طریقے سے حقیقی تبدیلی کا لائحہ عمل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری پوری قوم کو دیں گے۔

صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے عتیق چوہدری نے بتا یا کہ ہم جمہوریت کے مخالف نہیں مگر پاکستان میں جمہوریت نما تماشہ کے مخالف ہیں۔ یہ نام نہاد جمہوریت ہے جس میں عوام کا کوئی حصہ نہیں یہ صرف 2 فیصد اشرافیہ کے مفادات کے تحفظ کادوسرا نام ہے جبکہ 98 فیصد غریب عوام ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ پاکستان میں انتخابات کے نام پر قوم کے ساتھ جو کھیل کھیلا جاتا ہے ہم اس کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں۔ الیکشن کے نظام کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ اس موقع پر ضلعی امیر رانا منظور علی، عبدالعزیز جوئیہ، اسلم صابری اور دیگر مقامی رہنما بھی شریک تھے۔

رپورٹ: قمر شہزاد

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top