گوجر خان : پاکستان بچاؤ یوتھ طلبہ ریلی

منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام پاکستان بچاؤ یوتھ طلبہ ریلی 16 دسمبر 2012ء کو گلیانہ موڑ تا جی ٹی روڈ گوجرخان چوک نکالی گئی۔ جس میں خصوصی طور پر شرکت منہاج القرآن یوتھ لیگ پاکستان کے جنرل سیکرٹری محمد رفیق صدیقی، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ پاکستان کے نائب صدر چوہدری عرفان یوسف اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فرانس اور منہاج القرآن اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم کے صدر محمد نعیم چوہدری نے کی۔ جبکہ تحریک منہاج القرآن گوجر خان کے صدر ڈاکٹر محمد واجد مصطفوی ، ناظم محمد ریاست قادری، نائب صدر راجہ محمد وقار، ناظم میڈیا عبدالستار نیازی، صدر MYL تحصیل گوجرخان ڈاکٹر ثاقب حسین، صدر MSM تحصیل گوجرخان حافظ غلام مجتبیٰ کے علاوہ طلبہ اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد بھی اس ریلی میں شریک تھی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے محمد رفیق صدیقی نے کہا کہ طلبہ اور پاکستان کی نوجوان نسل کرپٹ نظام کے خلاف میدان عمل میں اُتر آئی ہے۔ پاکستان کو معرض وجود میں لانے میں طلبہ اور نوجوان نسل کا اہم کردار تھا۔ اب بھی اس ملک کی ڈوبتی کشتی کو کنارے لگانے کیلئے طلبہ اور نوجوان اپنا کردار ادارکریں۔

نائب صدر ایم ایس ایم چوہدری عرفان یوسف نے کہا کہ ملکی استحکام اور عوامی خوشحالی کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، جب تک قوم عظمت حسین رضی اللہ عنہ کی دہلیز پر سرنگوں ہو کر حسینی فکر کو اپنی زندگیوں میں نافذ نہیں کر لیتی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ملک کو امن کی ہریالی سے ہم آہنگ کریں گے اور منفی رویے رخت سفر باندھنا شروع کردیں گے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فرانس کے صدر محمد نعیم چوہدری نے کہا کہ 23 دسمبر مستحکم اور خوشحال پاکستان کی تکمیل کیلئے بنیاد ثابت ہوگا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری مینار پاکستان عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب میں قومی ایجنڈے کا اعلان کر کے پوری قوم کو لائحہ عمل دیں گے۔ پر امن جمہوری تبدیلی ہی پاکستان کے مسائل کا حل ہے اور ڈاکٹر طاہر القادری تبدیلی کے حقیقی ایجنڈے کے ساتھ وطن واپس تشریف لا رہے ہیں۔ ان کا دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، عوام کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے وہ چند دن بعد ان میں موجود ہوں گے۔

اس موقع پر نظامت کے فرائض ناظم میڈیا عبدالستار نیازی نے سرانجام د یئے، جبکہ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیلئے پولیس تھانہ گوجرخان کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔

رپورٹ : عبدالستار نیازی، ناظم میڈیا TMQگوجرخان

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top